اسلام آباد(پی این آئی) ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ جرمنی کے شہر فرینکفرٹ میں انتہاپسند گروہ کی جانب سے قونصل خانے پر حملے کی مذمت کرتے ہیں۔
ایک بیان میں ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نےکہا کہ گزشتہ روز فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانےکی سلامتی کو خطرے میں ڈال دیا گیا، ویاناکنونشن کےتحت میزبان حکومت کی ذمہ داری ہےکہ قونصلر احاطے کے تقدس کی حفاظت کرے اور ان کی سلامتی یقینی بنائے۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ اس سے قونصل عملے کی جان کو خطرہ لاحق ہوا ہے، ہم جرمن حکومت کو اپنے شدید احتجاج سے آگاہ کر رہے ہیں، جرمن حکومت پرزور دیتےہیں کہ ویاناکنونشن کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے کے لیے اقدامات کرے، جرمن حکومت جرمنی میں پاکستانی سفارتی مشنز، عملےکی سلامتی یقینی بنانے کے لیے اقدامات کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جرمن حکام گزشتہ روز کے واقعے میں ملوث افراد کو فوری گرفتار کرکے ان کے خلاف کارروائی کریں، جرمن حکام سکیورٹی کی خامیوں کےذمہ دار افرادکو بھی جوابدہ ٹھہرائیں۔ جرمنی میں پاکستانی سفارتخانے نے بھی واقعے پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ فرینکفرٹ میں پاکستانی قونصل خانے پر شرپسندوں نےتوڑپھوڑکی جس کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ سفارتخانے نے اپنے بیان میں کہا کہ جرمن حکام سے رابطے میں ہیں تاکہ آئندہ ایسی صورتحال پیدا نہ ہونےکو یقینی بنایاجاسکے جبکہ پاکستانی کمیونٹی سے صبر اور پرسکون رہنے کی اپیل کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں