مخصوص نشستوں کیلئے تحریک انصاف نے ابتدائی فہرست تیار کر لی

لاہور (پی این آئی) تحریک انصاف کا صنم جاوید، عالیہ حمزہ، ڈاکٹر یاسمین راشد سمیت جیل میں قید رہنے والی متعدد خواتین کارکنان کو مخصوص نشستوں کا ٹکٹ دینے کا فیصلہ۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے پنجاب اسمبلی کیلئے مخصوص نشستوں کی ابتدائی فہرست تیار کر لی۔ بانی پی ٹی آئی کی منظوری کے بعد فہرست الیکشن کمیشن کو جمع کرائی جائے گی، تحریک انصاف کو خواتین کی 24 اور اقلیتوں کی تین مخصوص نشستیں ملنے کا امکان ہے۔ذرائع کے مطابق تحریک انصاف کی جانب سے سعدیہ ایوب، روبینہ خان اور عائشہ بھٹہ کے نام مخصوص نشست کے لئے زیرغور ہیں، صنم جاوید کی بہن فلک جاوید کا نام بھی زیرغور ہے۔ روبینہ رضوان، روبینہ جمیل اور اشمہ شجاع کا نام بھی مخصوص نشستوں کے لئے زیر غور ہے، یاسمین راشد، عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کا نام قومی و صوبائی اسمبلی کے لئے تجویز کیا گیا ہے۔

پی ٹی آئی نے مخصوص نشستوں کے لئے تین رکنی کمیٹی تشکیل دی تھی، کمیٹی میں زرتاج گل، کنول شوزب اور سیمابیہ طاہر شامل ہیں۔ دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن کمیشن میں 38 آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست جمع کرا دی۔ مخصوص نشستوں کے حوالے سے سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد تحریک انصاف نے 38 آزاد اراکین قومی اسمبلی کی فہرست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی ہے۔

پاکستان تحریک انصاف کے نمائندے نے الیکشن کمیشن میں اراکین اسملی کی فہرست جمع کرائی جس کے ساتھ اضافی دستاویز بھی منسلک کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 3 آزاد ارکان کے بیان حلفی تاحال جمع نہیں کرائے گئے، صاحبزادہ محبوب سلطان، مبین عارف اور ریاض فتیانہ بیرون ملک ہیں اس لیے ان کے بیان حلفی جمع نہیں کروائے جا سکے، ان 3 ارکان کے پارٹی وابستگی فارم آج جمع کرائے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close