سپریم کورٹ کے مخصوص نشستوں کے فیصلے پر عملدرآمد ہوگا یا نہیں؟ الیکشن کمیشن نے فیصلہ کرلیا

اسلام آباد (پی این آئی)الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے مخصوص نشستیں تحریک انصاف کو دینے کے فیصلے پر عملدرآمد کا فیصلہ کر لیا ہے۔

الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کر دہ اعلامیے میں کہا گیاہے کہ الیکشن کمیشن کا کل اور آج سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کے سلسلے میں اجلاس ہوا جس میں الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کروانے کا فیصلہ کیا ہے۔تاہم الیکشن کمیشن کی لیگل ٹیم کو ہدایت جاری کی گئیں کہ اگر سپریم کورٹ کے فیصلے کے کسی پوائنٹ پر عملدرآمد میں رکاوٹ آئے تو اس پر رہنمائی کیلئے سپریم کورٹ سے رجوع کیا جائے گا ۔اجلاس میں سیاسی پارٹی کی طرف سے چیف الیکشن کمشنر اور معزز ممبران الیکشن کمیشن کو مسلسل اور بے جا تنقید کا نشانہ بنانے پر کمیشن میں اس کی شدید مذمت کی اور اسے مسترد کر دیا ۔

کمیشن سے استعفے کا مطالبہ مضحکہ خیز ہے ، کمیشن کسی قسم کے دباؤ کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے آئین اور قانون کے مطابق کام کرتا رہے گا ۔اعلامیہ کے مطابق الیکشن کمیشن نے کسی فیصلے کی غلط تشریح نہیں کی ، الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے انٹر ا پارٹی الیکشن کو درست قرار نہیں دیا، جس کے خلاف پی ٹی آئی مختلف فورمز پر گئی اور الیکشن کمیشن کے فیصلے کو برقرار رکھا گیا۔ یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے مخصوص نشستوں کا پشاور ہائیکورٹ الیکشن کمیشن کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے نشستیں تحریک انصاف کو دینے کا حکم سنایا تھا جبکہ سنی اتحاد کونسل کی درخواستیں خارج کر دی گئیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close