ہم حکومت بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے، خواجہ آصف کا اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) وزیردفاع خواجہ آصف نے کہا ہے کہ سرگوشیاں ہورہی ہیں کہ اکتوبر آنے دیں ہم انتخابات سے متعلق درخواست بھی لگا دیں گے،تاکہ الیکشن منسوخ کردیئے جائیں، ہم حکومت بچانے کیلئے کسی بھی حد تک جائیں گے،پارلیمنٹ کا کوئی تقدس نہیں کوئی بھی اٹھ کر توہین کردے۔

انہوں نے ہم نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فچ کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی ہے، وہ جب کریڈٹ ریٹنگ کرتے ہیں تو سیاسی حالات کو بھی جانچتے ہیں، ہوسکتا ہے ان کے پاس کوئی فارمولہ ہو، جو وہ ایگزیکٹ 18مہینے کی حکومت کہہ رہے ہیں، حالات میں گومگو ں کی کیفیت ضرور ہے لیکن ایسی کوئی صورتحال نہیں کہ سسٹم لپیٹا جائے، وہ ہماری حکومت کی نہیں بلکہ سسٹم لپیٹنے کی بات کررہے ہیں، جب ٹیکنوکریٹ سسٹم آئے گا تو لازمی طور پر جمہوری ادارے لپیٹے جائیں گے۔

موجودہ غیریقینی صورتحال میں سیاستدانوں کا ہی نہیں عدلیہ کا بھی حصہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی ہمارے ساتھ ہے لیکن وہ ایک الگ جماعت ہے ان کی اپنی اپروچ ہے، پی ٹی آئی پر پابندی کیلئے اتحادی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے تھا۔ پی ٹی آئی کو 9مئی اور سائفر واقعے سے دیکھ لیں ، سائفر کو بین الاقوامی سطح پر اچھالنا بھی ملک دشمنی ہے، پی ٹی آئی کو صیہونی لابی نے لانچ کیا اور مالی معاونت بھی کی، جب بھی پی ٹی آئی کی ذات پر کوئی حرف آیا اس نے ملک اور ادارو ں پر حملہ کیا، پی ٹی آئی پر 9مئی واقعے کے فوری بعد پابندی لگانی چاہیے تھی، اور باقی اقدامات بھی اٹھانے چاہئیں تھے، سواسال گزر گئے ، جو ہندوستان نہ کرسکا، وہ پی ٹی آئی نے کردیا، اب اس قدر فاصلہ اختیارکرلیاکہ شہدا ء کے جنازے اور تعزیت کرنے بھی نہیں جاتے، پی ٹی آئی کی پچھلے ڈیڑھ دو سال سے ملکی مفاد کے منافی سرگرمیاں جاری ہیں، آپریشن کی مخالفت کی ، میرا اندازہ ہے کہ آئندہ 10روز میں حالات واضح ہوجائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں