ن لیگ کو بڑا جھٹکا، پیپلزپارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی کی مخالفت کردی

کراچی (پی این آئی) پیپلز پارٹی نے پی ٹی آئی پر پابندی لگانے سے متعلق وفاقی حکومت کے اعلان کی کھل کر مخالفت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

ہم نیوز کے مطابق سینئر رہنماوں نے اپنی قیادت کو کھل کر حکومت کے فیصلے کی مخالفت کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ وہ حکومت کے فیصلے کی حمایت نہیں کرتے۔پیپلزپارٹی کے بعض رہنماؤں نے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا تارڑ کی جانب سے اس حوالے سے اتحادیوں کو اعتماد میں لینے کے بیان پر تعجب کا اظہار کیا اور کہا کہ جماعت کو معاملے پر اعتماد میں لینے کے حوالے سے انہیں علم نہیں ہے۔

دوسری جانب پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے جنرل سیکریٹری حسن مرتضیٰ نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتوں پر پابندی لگانے کا فیصلہ کسی طور پر درست نہیں۔انہوں نے کہا کہ سیاسی اختلافات کا مطلب یہ نہیں کہ کسی پارٹی کو ختم ہی کر دیا جائے سیاسی جماعتوں کو جمہوری طرزعمل اپنانا چاہئے، آرٹیکل 6 سابق جنرل مشرف اور جنرل ضیاء الحق پر لگنا تھا جو نہیں لگایا گیا، سیاسی پارٹیوں کے رہنما اور کارکن آرٹیکل چھ کے زمرے میں نہیں آتے۔حسن مرتضیٰ نے مزید کہا کہ پابندیاں لگا کر کسی سیاسی جماعت کو ختم نہیں کیا جا سکتا، ملکی مسائل کا واحد حل پابندیاں نہیں ڈائیلاگ ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close