حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی کا فیصلہ بچگانہ قرار دیدیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی) عوامی نیشنل پارٹی (اے این پی) نے وفاقی حکومت کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ بچگانہ اور غیردانشمندانہ قرار دے دیا۔

مرکزی ترجمان انجینیئر احسان اللہ خان کے مطابق وفاقی حکومت کا پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کا فیصلہ بچگانہ،غیردانشمندانہ ہے۔ترجمان نے کہا کہ سیاسی جماعتوں کا راستہ پابندیوں اور رکاوٹوں سے بند نہیں کیا جاسکتا، تحریک انصاف سے سیاسی اختلاف اپنی جگہ لیکن حکومت کا یہ اقدام بیوقوفی ہوگی۔مرکزی ترجمان کے مطابق ان لوگوں کی نشاندہی کرنی ہوگی جو سیاسی عدم استحکام اور معاشی مشکلات کے اصل ذمہ دار ہیں، ایک سیاسی پارٹی کو شعوری طور پر دوسری سیاسی پارٹی کے خلاف استعمال کیا جارہا ہے۔اے این پی نے کہا کہ سیاسی جماعتوں اور سیاسی عمل پر پابندیاں کسی بھی صورت قابل قبول نہیں۔

خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے تحریک انصاف پر پابندی لگانے کا فیصلہ کر لیا اور اعلان کیا ہے کہ سابق صدر عارف علوی، بانی پی ٹی آئی اور سابق ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف آرٹیکل 6 کا کیس چلایا جائے، ان تینوں اشخاص کے خلاف وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد یہ ریفرنس سپریم کورٹ کو بھجوایا جائے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close