تحریک انصاف پر پابندی کا اعلان سپریم کورٹ کی توہین قرار

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین بیرسٹر گوہر خان نے وفاقی حکومت کے ان کی جماعت پر پابندی لگانے کے اعلان کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ سپریم کورٹ آف پاکستان کے فیصلے کی کھلم کھلا خلاف ورزی ہے اور سپریم کورٹ کی توہین ہے۔

پیر کو اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر خان نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ایک فیصلہ دیا جس نے پی ٹی آئی کو ایک نئی زندگی دی ہے، پی ٹی آئی کو جان دی ہے اور پی ٹی آئی کو وہ دیا جو اس کا حق تھا۔ پہلے دن سے ہم اسی کے لیے جدوجہد کر رہے تھے۔ انہوں نے حکومتی اعلان کے حوالے سے کہا کہ ہماری مخصوص نشستوں کو روکنے کے لیے یہ جان کے کہ ان کے پاس کوئی آئینی قانونی راستہ نہیں ہے تو اس طرح کا بیان دے دیا گیا ہے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے واضح طور پر کہا کہ یہ (مخصوص نشستیں) پی ٹی آئی کا حق تھا جو اسے ملا ہے۔ ’آج کے اعلان سے واضح ہے کہ موجودہ پی ڈی ایم کی حکومت اس سازش میں شریک تھی جس کے ذریعے بلے کا نشان لیا گیا تھا۔‘ بیرسٹر گوہر خان نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت جو فارم 47 پر کھڑی ہے، 45 فارم کے جیتے ہوئے امیدواروں سے توجہ ہٹانے کے لیے، وہ 180 سیٹیں جو ہم جیت چکے تھے اس سے توجہ ہٹانے کے لیے، اپنی نااہلی کو چھپانے کے لیے، دبئی لیکس سے توجہ ہٹانے کے لیے، اپنے کم ترین غیرملکی زرمبادلہ کے ذخائر اور مہنگائی سے توجہ ہٹانے کے لیے ایسے اقدامات کر رہی ہے اور ایسے بیانات دے رہی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close