وزیرداخلہ محسن نقوی کی سینیٹ کی رکنیت عدالت میں چیلنج کر دی گئی

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ وسینیٹر محسن نقوی نے سینیٹ رکنیت اسلام آباد ہائیکورٹ میں چیلنج کردی گئی،درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ محسن نقوی کو سینیٹ کا دفتر سنبھالنے سے روکا جائے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق محمد فہد شبیر نامی شہری نے ایڈووکیٹ ندیم سرور کی وساطت سے اسلام آباد ہائیکورٹ میں درخواست دائر کردی۔ درخواست میں وزارت قانون، وزارت بین الصوبائی رابطہ، سیکرٹری داخلہ، محسن نقوی، الیکشن کمیشن اور پی سی بی کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں استدعا کی گئی کہ محسن نقوی کو سینیٹ کا دفتر سنبھالنے سے روکا جائے، محسن نقوی کے خلاف کو وارنٹو کی رٹ جاری کی جائے، پوچھا جائے وہ کس قانون کے تحت رکن سینیٹ ہیں۔

درخواست گزار کے مطابق محسن نقوی چیئرمین پی سی بی کے عہدے پر ہونے کے باعث رکن پارلیمنٹ بننے کے لیے نااہل قرار پائے تھے، محسن نقوی کی رکن پارلیمنٹ بننے کے لیے نااہلی اب بھی برقرار ہے۔

درخواست میں کہا گیا کہ پی سی بی کے آئین کی شق 7 کے مطابق چیئرمین پی سی بی آفیسر آف پرافٹ ہوتا ہے، آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 ڈی کے مطابق آفس آف پرافٹ چلانے والا رکن پارلیمنٹ نہیں بن سکتا۔درخواست گزار نے کہا کہ آئین پاکستان کے آرٹیکل 63 کی دیگر ذیلی دفعات کے تحت بھی محسن نقوی رکن پارلیمنٹ نہیں بن سکتے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں