پی ٹی آئی وزیراعظم شہباز شریف کیخلاف تحریک عدم اعتماد لائیگی؟ اہم رہنما کا بیان آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کا حکومت کیخلاف تحریک عدم اعتماد لانے کا عندیہ۔ تفصیلات کے مطابق رہنما پاکستان تحریکِ انصاف اسد قیصر نے کہا ہے کہ اب تو مخصوص نشستیں مل گئی ہیں، تحریکِ عدم اعتماد لانے پرمشاورت کریں گے، حکومت کے خلاف تحریکِ عدم اعتماد لائیں گے، کھل کر ان کا مقابلہ کریں گے۔

پاکستان تحریکِ انصاف پر پابندی کے فیصلے پر اسد قیصر نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کو جوکرنا ہے کرے، انہوں نے ہمارے خلاف کونسا حربہ استعمال نہیں کیا۔ اسد قیصر نے کہا کہ یہ شکست کھا چکے، ذہنی طور پر شکست خوردہ ہیں، شہباز شریف جو کچھ کر رہے ہیں، خواتین کو گرفتار کرنا زیادتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صنم جاوید کی گرفتاری کا معاملہ ہمارے سامنے ہے، ہم مقابلہ کریں گے۔ دوسری جانب ترجمان تحریک انصاف نے کہا ہے کہ مینڈیٹ چوروں اور ان کے سرپرستوں کی ہرسازش کا منہ توڑ جواب دیں گے، آرٹیکل 6 کے حقیقی حقدار قوم کے سامنے واضح ہیں، ان کے مقدّر کا فیصلہ عوام کریں گے۔

ایکس پر ترجمان پی ٹی آئی کے مطابق پاکستان تحریک انصاف نے عطاتارڑ کی پریس کانفرنس کو مخصوص نشستوں پر سپریم کورٹ کے تاریخی فیصلے کے نتیجے میں ملنے والی شرمندگی مٹانے کی مکروہ کوشش قرار دے دیا ہے۔ مینڈیٹ چوروں اور ان کے سرپرستوں کی ہر سازش کا عوامی تائید و حمایت سے منہ توڑ جواب دینے کا اعلان ، ترجمان تحریک انصاف نے کہا کہ ذلت اور شکست سے بری طرح گبھرایا ہوا اور دہشت زدہ مجرم حکومتی ٹولہ اپنی دھمکیوں سے 24 کروڑ عوام کو ڈرانا چاہتا ہے، پاکستان کسی Undeclared مارشل لاء کے نتیجے میں بننے والی جاگیر نہیں، 24 کروڑ پاکستانیوں کا مسکن اور آئین کے تابع ایک ریاست ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close