تازہ ترین

عمران خان اور بشریٰ بی بی کو کس نے رہا نہیں ہونے دیا؟ پی ٹی آئی رہنما عمر ایوب کا اہم بیان

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے کہا ہے کہ شہباز شریف اور مریم نواز کی فاشسٹ حکومت نے بانی پی ٹی آئی اور بشری بی بی کو رہا نہیں ہونے دیا۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمرایوب نے کہا کہ آج عدالتی فیصلے پر خوشی ہوئی، عدالت نے بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو عدت کیس رہا کردیا اور اس بے ہودہ کیس کو مسترد کردیا تھا۔ساڑھے 6 بجے سے پونے 10 بجے تک ہم اڈیالہ جیل کے سامنے کھڑے رہے، پولیس کی نفری کھڑی رہی، ہم انتظار کر رہے تھے کہ بشریٰ بی بی کو اس گیٹ سے باہر لے آئیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ آج ایک فاشسٹ حکومت نے اور پولیس نے میرے ساتھی انتظار پنجوتھہ کو حبس بے جا یعنی یرغمال بنائے رکھا، اندر بیٹھا کر باہر آنے نہیں دیا اور دوسرے کیس میں صرف فارمیلٹی پوری کرنے کے لیے بشریٰ بی بی کو گاڑی میں باہر لے آئے اور پھر جیل کے اندر لے گئے اور دوسرے کیس میں گرفتار کرلیا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اس کی شدید مذمت کرتے ہیں، ملک ایک بنانا ری پبلک بنا ہوا ہے، کچھ دن پہلے بھی یہاں چوکی میں پارلیمنٹیریئنز کو نکال دیا گیا تھا لیکن آج تو انتہا ہوگئی۔عمر ایوب کا کہنا تھا کہ سینیٹر اعظم سواتی کے ساتھ مغرب کی نماز پڑھنے گیٹ کے سامنے گئے تو چوکی اڈیالہ کے انسپکٹر، ایس ایچ اوز اور ڈی ایس پی نے ہمارا راستہ روک لیا کہ آپ مسجد میں نماز پڑھنے کے لیے نہیں جاسکتے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں