اسلام آباد (پی این آئی)ہائیکورٹ نےوفاقی حکومت کوعمران خان اور بشریٰ بی بی کی زندگی اور صحت کی حفاظت یقینی بنانے کا حکم جاری کردیا ہے۔
بنیادی حقوق کے تحفظ سے متعلق درخواست پراسلام آباد ہائیکوٹ نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ بانی پی ٹی آئی اور بشریٰ بی بی کو جیل میں وہ تمام سہولیات فراہم کی جائیں جن کے وہ حقدار ہیں،اسلام آباد ہائیکورٹ نے بشریٰ بی بی کی جانب سے دائر کی گئی درخواست ہدایات کیساتھ نمٹا دی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے درخواست پر تحریری حکم نامہ جاری کردیا، حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ جب یہ درخواست دائر کی گئی تھی تب بانی پی ٹی آئی جیل میں سزا کاٹ رہے تھے، موجودہ صورتحال میں درخواست گزار خود بھی جیل میں سزا کاٹ رہی ہیں۔
درخواست میں جو معاملہ اٹھایا گیا ہے وہ بانی پی ٹی آئی تک محدود نہیں بلکہ عمومی نوعیت کا ہے، ایک قیدی کے کوئی حقوق نہیں جو کہ مکمل طور پر غلط ہے،قید کا مطلب غیر انسانی برتاؤ بالکل بھی نہیں ہے،قید کا مقصد بغیر کسی جسمانی و دماغی دباؤ کے قیدی کی اصلاح ہے،اس عدالت نے مقدمہ خالد حسین بنام وزارت انسانی حقوق میں گائیڈ لائنز فراہم کردی ہیں،وفاقی حکومت ملک کی تمام جیلوں، بالخصوص اڈیالہ جیل میں ان گائیڈ لائنز پر عملدرآمد کرانے کی پابند ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں