لاہور (پی این آئی) بجلی کے بلوں پر بھی نواز شریف کی تصویر لگانے کا مطالبہ۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت کی جانب سے آٹے کے تھیلوں اور سرکاری اشتہارات میں مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی تصویر لگائے جانے پر قومی اسمبلی میں سنی اتحاد کونسل کی پارلیمانی لیڈر اور سابق وفاقی وزیر زرتاج گل کی جانب سے ردعمل دیا گیا ہے۔ اے آر وائی نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے زرتاج گل نے کہا کہ یہ لوگ آٹے کے تھیلوں پر تو شوق سے تصویر لگاتے ہیں، بجلی کے بلوں پر بھی نواز شریف کی تصویر لگائیں۔ واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کی اتحادی وفاقی حکومت نے بجلی مہنگی کرنے کے تمام ہی ریکارڈ توڑ ڈالے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بجلی اس قدر مہنگی ہو چکی کہ شہریوں کو اب اپنی آمدن سے بھی زائد بل موصول ہونے لگے ہیں۔ وفاقی حکومت کی جانب سے اعلان کردہ بجلی کے نئے ٹیرف کے اطلاق کے بعد بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کیلئے بجلی کے بنیادی نرخ میں 51 فیصد اضافہ ہو گیا ہے۔ یکم جولائی 2024 سے پروٹیکٹیڈ صارفین کے لیے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 51 فیصد جبکہ “ان پروٹیکٹیڈ” صارفین کے لیے بنیادی ٹیرف میں 43 فیصد تک اضافے کا اطلاق کر دیا گیا۔
واضح رہے کہ وفاقی حکومت کی جانب سے عوام پر بجلی بم گرائے جانے کا سلسلہ جاری ہے۔ بجلی کے بنیادی ٹیرف میں ہوشربا اضافہ کیے جانے کے بعد اب حکومت نے ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بھی بجلی مہنگی کر دی۔ بجلی کی قیمت میں 3 روپے 32پیسے فی یونٹ کا اضافہ کردیا گیا ہے، اس اضافے کا اطلاق رواں ماہ کے بلوں پر ہوگا۔ بجلی کی قیمت میں اضافہ ماہانہ فیو ل پرائس ایڈجسٹمنٹ کی مد میں کیا گیا ہے، نیپرا نے بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفیکشن جاری کر دیا ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں