صدرِ پاکستان کی گاڑیوں کے قافلے کیلئے مختص بجٹ میں بڑا اضافہ کر دیا گیا

اسلام آباد ( پی این آئی) صدرِ پاکستان کی گاڑیوں کے قافلے کیلئے مختص بجٹ میں 400 فیصد اضافہ کردیا گیا۔

صحافی عامر سعید عباسی کے مطابق بجٹ دستاویز سے معلوم ہوا ہے کہ صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کی گاڑیوں کے قافلے کے لیے مختص بجٹ میں چار گنا یا چار سو اضافہ کیا گیا ہے، جس کے بعد جہاں سابق صدر عارف علوی کی گاڑیوں پر سالانہ 9 کروڑ روپے خرچ ہوتے تھے وہیں اب صدر آصف علی زرداری کی گاڑیوں پر 44 کروڑ روپے سالانہ خرچ ہوں گے، اسی طرح ایوان صدر کے باغ کی دیکھ بھال کا بجٹ بھی 3 کروڑ سے بڑھا کر 6 کروڑ روپے کردیا گیا ہے جہاں 85 ملازمین ڈیوٹی سر انجام دیتے ہیں۔

یہاں قابل ذکر بات یہ ہے کہ عہدہ سنبھالتے وقت صدرِ پاکستان آصف علی زرداری نے ملک کے معاشی چیلنجز کی وجہ سے تنخواہ نہ لینے کا اعلان کیا تھا، اس ضمن میں ایوان صدرکے پریس ونگ سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا تھا کہ صدرِ مملکت نے یہ فیصلہ ملک کو درپیش معاشی چیلنجز کے پیشِ نظر کیا ہے، صدر آصف زرداری کے فیصلے کا مقصد ملک میں دانشمندانہ مالیاتی انتظام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے، صدر مملکت نے قومی خزانے پر بوجھ نہ ڈالنے کا فیصلہ کیا کرتے ہوئے تنخواہ نہ لینے کو ترجیح دی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close