محرم الحرام کیلئے سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا گیا

اسلام آباد(پی این آئی)اسلام آباد پولیس نے محرم الحرام کے لیے خصوصی سیکیورٹی پلان تشکیل دے دیا جبکہ پولیس اور رینجرز کے 16 ہزار سیکیورٹی اہلکارڈیوٹی انجام دیں گے، شہر کے داخلی اورخارجی راستوں پر سخت چیکنگ ہوگی، جلوسوں کی سیکیورٹی کے لیے عمارتوں کی چھتوں پرسنائپرزتعینات کیے جائیں گے۔

آئی جی اسلام آباد سید علی ناصررضوی زیرصدارت اجلاس میں محرم کے لیے سیکیورٹی پلان تشکیل دیا گیا، سیکیورٹی پلان سے قبل تمام مکاتب فکر کے علماء و مشائخ، ممبران امن کمیٹی اور دانشوروں سے ملاقاتیں کی گئیں۔سیکیورٹی پلان کے مطابق 16 ہزارسے زائد رینجرز اور پولیس اہلکار سیکیورٹی کے فرائض انجام دیں گے۔ترجمان اسلام آباد پولیس نے بتایا کہ شہر بھر کے داخلی اور خارجی راستوں پر سخت چیکنگ کی جائے گی، جلوسوں کی سیف سٹی کیمروں کے ذریعے نگرانی کی جائے گی، مجالس اورجلوسوں کے دوران عمارتوں کی چھتوں پر اسنائپر تعینات ہوں گے۔

پولیس کی بکتر بند گاڑیاں خصوصی طورپرکسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کے لیے موجود رہیں گی جبکہ مجالس اور جلوسوں کے لئے وقت کی پابندی کا خاص خیال رکھا جائے گا۔جلوس کے راستے میں آنے والے تمام چھوٹے بڑے راستوں اور گلیوں کو خاردار تار لگا کربند کیا جائے گا، جلوس شروع ہونے سے قبل جلوس کے روٹ کی ا سپیشل چیکنگ کی جائے گی اور جلوس کے روٹ کو بم ڈسپوزل اسکواڈ کلیئر کرے گی، تمام مجالس اور جلوسوں کی ڈرون کیمروں کے ذریعے ویڈیو ریکارڈنگ کی جائےگی۔

پولیس کا کہنا تھا کہ مقامی و غیر مقامی افراد کو مکمل تلاشی کے بعد جلوس میں داخلے کی اجازت ہوگی، جلوس میں گاڑیوں اور موٹرسائیکلوں کے داخلے پر مکمل پابندی ہوگی، مجلس اور جلوس میں شامل ہونے والے عزاداروں کومیٹل ڈیٹیکٹرسے چیک کیا جائے گا، داخلی اور خارجی راستوں پر واک تھرو گیٹ نصب کیے جائیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close