سرکاری ملازمین کی پنشن ختم ، نیا نظام متعارف کرادیا گیا، اطلاق کن ملازمین پر ہوگا؟

پشاور(پی این آئی) صوبائی حکومت نے پنشن اصلاحات کے لیے خیبرپختونخوا سول سرونٹ ایکٹ 1973 میں ترامیم کرکے پہلے سے رائج پنشن نظام کو تبدیل کردیا، اور نیا نظام متعارف کرا دیا ہے۔ جس کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی جاری کردیا گیا۔اس نئی اسکیم کا اطلاق جون 2022 کے بعد آنے والے تمام ملازمین پر ہوگیا تھا لیکن سول بیوروکریسی پر ہونا باقی تھا۔ تاہم اب صوبائی بیوروکریسی میں شامل ہونے والے نئے افسران پر بھی اس کا اطلاق ہوگیا ہے، جس کے بعد خیبرپختونخوا سرکاری ملازمین کی پنشن ختم کرنے والا پہلا صوبہ بن گیا۔

 

خیبرپختونخوا حکومت نے پرانا پنشن نظام ختم کرکے نیا نظام متعارف کرا دیا ہے، جس کے مطابق جون 2022 کے بعد بھرتی ہونے والے ملازمین کو ماہانہ پنشن نہیں ملے گی، بلکہ یکمشت ادائیگی کی جائے گی، جس کے لیے باقاعدہ الگ بینک اکاؤنٹ ہوگا تاکہ ادائیگی کے وقت خزانے پر بوجھ نہ پڑے۔صوبائی حکومت نے نئے پنشن نظام کو شراکت داری پنشن یا contributory pension کا نام دیا ہے۔ جس میں ملازمین سے ماہانہ ان کے اسکیل کے مطابق ایک خاص رقم کی کٹوتی ہوگی اور اس کے برابر صوبائی حکومت اپنا حصہ ڈالے گی۔محکمہ خزانہ کے ایک افسر نے بتایا کہ صوبائی حکومت خصوصی پنشن بینک اکاؤنٹ کھول رہی ہے، جس سے بعد میں پنشن لینے والے ملازمین کو ادائیگی ہوگی۔انہوں نے بتایا کہ ملازمین کی تعداد زیادہ ہونے کے باعث پنشن کی ادائیگی خزانے پر بوجھ بن رہی تھی جس سے ترقیاتی کاموں پر اثر پڑ رہا تھا۔

 

 

محکمہ خزانہ کے ایک متعلقہ افسر نے بتایا کہ نئے ملازمین کو مدت ملازمت کے ختم ہونے کے وقت یا ملازمت چھوڑنے کے وقت پنشن کی ادائیگی ہوگی، جو ان سے ماہانہ کٹوتی کی بنیاد پر ہوگی۔انہوں نے کہاکہ ملازمین سے ان کے بنیادی پے اسکیل کی بنیاد پر ماہانہ سی پی فنڈ کی مد میں کٹوتی کی جائے گی اور اتنی ہی رقم حکومت ملازم کی پنشن میں جمع کرے گی، جو مدت ختم ہونے پر ملازم کو یکمشت ادا کردی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ پنشن اکاؤنٹ میں پڑی رقم کہیں اور خرچ نہیں کی جائے گی اور اس پر بینک سے منافع بھی ملے گا، جس سے ملازمین کو ادائیگی ہوگی اور خزانے پر بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔

 

انہوں نے مزید بتایا کہ وفاقی حکومت بھی نیا پنشن نظام لارہی ہے اور وہ بھی خیبرپختونخوا حکومت کو فالو کرے گی جس کے بعد پورے ملک میں پنشن کا یکساں نظام ہوگا۔محکمہ خزانہ کے افسر نے بتایا کہ سی پی نظام کے تحت ماہانہ پنشن کی ادائیگی نہیں ہوگی لیکن یکمشت ادائیگی کی صورت میں پہلے سے کہیں زیادہ رقم ملے گی۔ ’نئے نظام کے تحت ملازمین کو بلاسود قرضے کی سہولت بھی ہوگی تاکہ پنشن سے پہلے گھر بنانے کے علاوہ کوئی اور کام بھی کرسکیں‘۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close