کوئٹہ (پی این آئی ) محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا۔
تفصیلات کے مطابق چئیرمین رویت ہلال کمیٹی نے 1446 ہجری کے آغاز اور یوم عاشور کی تاریخ کا اعلان کر دیا۔ نئے ہجری سال کے چاند کی رویت کیلئے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کوئٹہ میں ہوا۔ جبکہ زونل رویت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس بھی ہوئے۔ زونل رویت ہلال کمیٹی لاہور کی جانب سے اعلان کیا گیا کہ لاہور سمیت پنجاب کے کسی علاقے میں محرم الحرام کا چاند نظر نہیں آیا۔
صوبے کے کسی علاقے سے محرم الحرام کے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی۔ بعد ازاں مرکزی رویت ہلال کمیٹی کے چئیرمین مولانا عبدالخبیر آزاد نے بھی اعلان کیا کہ کوئٹہ سمیت ملک کے کسی علاقے سے چاند کی شہادت موصول نہیں ہوئی، لہذا یکم محرم الحرام 1446 ہجری 8 جولائی جبکہ یوم عاشور 17 جولائی بروز بدھ کو ہو گا۔ واضح رہے کہ ماہرین موسمیات کی جانب سے بھی بتایا گیا تھا کہ آج محرم الحرام کا چاند نظر آ جانا مشکل ہے۔ چاند کی عمر صرف 16 گھنٹے ہے، اس لیے کوئٹہ میں رات 8 بجکر 27 منٹ تک ہی محرم الحرام کا چاند نظر آنے کا امکان تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں