مولانا فضل الرحمٰن کا دوبارہ انتخابات کروانے کا فیصلہ، حکومت کا ردِعمل بھی آگیا

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات اور قومی ورثہ و ثقافت عطاء اللہ تارڑ نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان ہمارے بزرگ اور قابل احترام سیاستدان ہیں، سیاست میں تمام مسائل کا حل صرف مذاکرات میں ہے، موجودہ صورتحال میں بیان بازی کی بجائے پارلیمان میں سیاست ہونی چاہئے۔

اتوار کو جے یو آئی ف کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی پریس کانفرنس پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ آئندہ انتخابات انشاءاللہ 2029 میں مقررہ وقت پر ہوں گے، بزرگ اور زیرک سیاست دان ہونے کے ناطے مولانا صاحب کو حکومت کے معاشی بہتری کے اقدامات کو سراہنا چاہئے کیوں کہ حکومت کی بہتر معاشی حکمت عملی سے ملکی سٹاک ایکسچینج تاریخی بلندی پر ہے جب کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ہے، تجارتی خسارہ کم ہونے کے ساتھ روپے کی قدر مستحکم ہونا خوش آئند ہے۔

قبل ازیں اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام ف کے امیر مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ سیاسی معاملات میں مداخلت ان کے اپنے حلف کی نفی ہے، اس مداخلت کو ہم تسلیم کرنے کیلئے تیار نہیں ہوسکتے، مسئلہ ایک سیاسی جماعت کو راضی کرنے کا نہیں ہے، صاف اور شفاف الیکشن کرائے جائیں، ہمارے مطالبات بہت سنجیدہ ہیں، ہم سے مذاکرات کرنا چاہتے ہیں تو خوش آمدید کہتے ہیں، ہم آج بھی اپنے مثبت رویوں پر قائم ہیں، پی ٹی آئی قیادت میں اب تک یکسوئی کا فقدان ہے، اس وقت تک پارٹی کے سربراہ نے کسی مذاکراتی ٹیم کا اعلان نہیں کیا، سنی اتحاد کونسل کے سربراہ کا دل سے احترام کرتا ہوں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close