صحت کارڈ کی سہولت دوبارہ بحال کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(پی این آئی)وفاقی حکومت نے صحت سہولت کارڈ پروگرام وفاق میں بھی بحال کرنے کا فیصلہ کر لیا۔

اسلام آباد سمیت وفاق کے زیر انتظام تمام علاقوں کے مستحق مریضوں کیلئےاچھی خبر سامنے آئی ہے، حکومت نے صحت سہولت کارڈ پروگرام وفاق میں بھی بحال کر دیا ہے۔ پروگرام کی رواں سال دسمبر تک توسیع کی منظوری دے دی گئی جبکہ وزارت صحت کو آئندہ سال سے پروگرام مستقل کرنے کا ٹاسک بھی دے دیا گیا۔ صحت سہولت کارڈ میں 6 ماہ توسیع کی منظوری ایکنک اجلاس میں دی گئی جبکہ پروگرام کے تحت 25 لاکھ مستحق خاندانوں کو نئے ماڈل کے تحت مفت علاج کی سہولیات ملیں گی۔ آئندہ سال سے وفاقی صحت سہولت کارڈ پروگرام کو مستقل کرنے کا بھی فیصلہ کرلیا گیا۔ پروگرام کی مستقلی اور حتمی ماڈل کی تیاری کا اختیار وزارت صحت کو دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے وزیراعظم شہباز شریف نے صحت کارڈ کی سہولت فوری بحال کرنےکی ہدایت کی تھی جبکہ پنجاب ، خیبر پختونخوا اور بلوچستان میں صحت کارڈ پروگرام پہلے ہی مستقل ہوچکا ہے۔ وفاقی صحت کارڈ پر اسلام آباد اور اس کے تمام ریجنز کے 64 اسپتالوں میں25 لاکھ مستحق خاندان مفت علاج کرا سکیں گے جبکہ اسلام آباد کے 2 لاکھ 80 ہزار ، آزاد کشمیر کے 15 لاکھ ، گلگت بلتستان کے 5 لاکھ اور تھرپارکر کے ساڑھے 3 لاکھ گھرانے پروگرام میں شامل ہیں۔ سندھ کے انتہائی پسماندہ ضلع تھرپارکر کو وفاق نے انتظامی طور پر اپنے ساتھ شامل کر رکھا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close