اسلام آباد(پی این آئی)جمعیت علماء اسلام ( جے یو آئی ) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ایک بار پھر ملک میں دوبارہ عام انتخابات کا مطالبہ کردیا۔
جمعیت علمائےاسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمٰن نے نیوز کانفرنس کے دوران بتایا کہ جے یو آئی کی مرکزی شوریٰ کا دو روزہ اجلاس اختتام پذیر ہوا ہے، گزشتہ اجلاس میں 8 فروری کے الیکشن کے نتائج کو مسترد کردیا گیا تھا، انتخابات میں اسٹیبلشمنٹ کی مداخلت کیخلاف تحریک کو آگے بڑھائیں گے۔ سربراہ جے یو آئی کا کہنا تھا کہ ملک میں غیرجانبدارانہ، صاف اور شفاف انتخابات کروائے جائیں اور الیکشن کےعمل میں افواج اورخفیہ ادارے مداخلت نہ کریں۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ مجلس شوریٰ نے سیاسی جماعتوں کے ساتھ رابطوں کا بھی جائزہ لیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سنی اتحاد کونسل کے سربراہ نے کل ہی بیان دیا ہے کہ جے یو آئی سے اتحاد نہیں ہوسکتا، بہتر سیاسی ماحول تشکیل دینے میں ہمیں کوئی ہچکچاہٹ نہیں ہے، مجلس شوریٰ اس بات پرمتفق ہے آئین تمام اداروں کے دائرہ کار کا تعین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم کیلئے اپنا آئینی کردار ادا کرتے رہیں، ملکی دفاع کے معاملے پر پوری قوم فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے، سیاسی مداخلت کو آئین بھی تسلیم نہیں کرتا نہ ہی ہم تسلیم کرتے ہیں، عزم استحکام کے اعلان پر بھی یکسوئی نہیں پائی جا رہی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں