لاہور(پی این آئی)لاہور الیکٹرک سپلائی کمپنی (لیسکو) نے بجلی کے نئے کنکشن کی فیس میں اضافہ کر دیا ، تھری فیز میٹر کی ڈیمانڈ نوٹس فیس 33500 روپے سے بڑھا کر 63,450 روپے کر دی گئی،نئے کنکشن کی فیسوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیاگیا جبکہ نئی فیسوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق لیسکو نے تھری فیز میٹرز کے ڈیمانڈ نوٹس کی فیس سال میں دوسری بار بڑھا دی ہے۔5 کلو واٹ لوڈ پر کنکشن کے حصول کیلئے فیس 69ہزار 500 روپے مقرر کی گئی ہے ایک سال کے دوران مجموعی طور پر 50 ہزار روپے تک کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔ رواں سال ڈیمانڈ نوٹس کی قیمت 22 ہزار روپے سے بڑھا کر 69 ہزار 500 روپے تک بڑھائی گئی،لیسکو نے تھری فیز میٹر کو اے ایم آئی میٹرز سے تبدیل کرنے کی بنیاد پر قیمتوں میں اضافہ کیا ہے۔یکم جولائی سے اضافی قیمت پر ڈیمانڈ نوٹسز کا اجراءکیا جائے گا ۔واضح رہے کہ اس سے قبل لیسکو نے بجلی صارفین کوبل تاخیر سے ادائیگی کرنے پر قانون کے تحت 14 فیصد سود ادا کرنے کا فیصلہ کیاتھا۔اس حوالے سے نیپرا نے اپنے نوٹی فکیشن میں کہا تھاکہ نیپرا نے کہا کہ اگر کوئی صارف رواں ماہ کے بل کی قسط کی درخواست کرتا ہے تو مقررہ تاریخ کے اندر پہلی قسط ادا کرنے پر کوئی سود یا تاخیر سے ادائیگی پر جرمانہ نہیں ہوگاتاہم باقی اقساط پر 14 فیصد شرح سود سالانہ ادا کرنا ہوگا، اور قسطوں کی سہولت کی اجازت مالی سال میں صرف ایک بار ہوگی۔
نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ صارفین مقررہ تاریخوں سے پہلے بلوں کی ادائیگی کیلئے مقررہ تاریخوں میں توسیع کی درخواست کریں گے، ڈسکوز اور کے الیکٹرک کمپیوٹرائزڈ بل تیار کریں گے، جس سے مقررہ تاریخوں پر اقساط اور توسیع کی اجازت ہوگی۔نیپرا حکام کا کہنا تھا کہ ڈسکوز پہلے ہی اپنے طور پر صارفین سے 14 فیصد شرح سود وصول کررہی ہیں، ریگولیٹر کی جانب سے یہ فیصلہ اسے باضابطہ لاگو کرنے کیلئے کیا گیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں