رات گئے بجلی کی بندش معمول بن گئی، شہری سراپا احتجاج

کراچی(پی این آئی) رات گئے بجلی کی بندش معمول بن گئی، شہری سراپا احتجاج۔۔۔۔کراچی کی قیامت خیز گرمی میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور پانی کی قلت کے باعث شہریوں نے مختلف علاقوں میں رات گئے تک احتجاج کیا۔کراچی کے متعدد علاقوں میں 12 گھنٹے تک بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری ہے جب کہ مضافاتی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 15 گھنٹے تک پہنچ گیا ہے جس سے گرمی کے ستائے شہریوں کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔شہر میں رات گئے بھی بجلی کی بندش کا معمول بن گیا ہے اور کے الیکٹرک کی جانب سے رات 12 بجے کے بعد بھی لوڈشیڈنگ کی جارہی ہے۔

 

شدید گرمی میں بجلی کی بندش کے خلاف کراچی کے متعدد علاقوں میں مکین سراپا احتجاج ہیں جہاں ہجرت کالونی، سلطان آباد اور سٹی ریلوے کالونی کے مکینوں نے شاہین کمپلیکس چوک پر لوڈ شیڈنگ کیخلاف احتجاج کیا ۔دوسری جانب پنجاب چورنگی ،لیاقت آباد دس نمبر،لیاقت آباد سی ون ایریا اور ابوالحسن اصفہانی روڈ پر بھی عوام کی بڑی تعداد لوڈشیڈنگ کے خلاف رات گئے سراپا احتجاج رہی۔ادھر نیشنل ہائی وے گلشن حدید پر بجلی کے ستائے شہری کے الیکٹرک کے خلاف نکل آئے، احتجاج میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close