پی آئی اے پرواز بڑے حادثے سے بال بال بچ گئی

فیصل آباد(پی این آئی)پاکستان ائیرلائن (پی آئی اے )کی دبئی جانے والی پرواز بڑے حادثے سے بچ گئی، طیارے کے دائیں انجن سے پرندہ ٹکرا گیا،145مسافر اورعملہ محفوظ رہے۔

بتایاگیا ہے کہ فیصل آباد ایئرپورٹ پر جمعرات کی شام 145 مسافروں کو لے کر پی آئی اے کی پرواز نمبر پی کے ڈبل ٹو تھری دبئی روانہ ہو رہی تھی کہ اسی دوران طیارے کے دائیں انجن سے پرندہ ٹکرا گیا۔ جس پرپائلٹ کو طیارے کی ایمرجنسی بریک لگانی پڑی تھی۔ ایمرجنسی بریک لگانے کے باعث طیارے کے بائیں سائیڈ کے پچھلے دونوں ٹائرز کی ہوا نکل گئی تھی۔رن وے سے رگڑ لگنے پر طیارے کی بائیں سائیڈ کے پچھلے دونوں ٹائروں کونقصان پہنچا تھاتاہم پرواز میں سوار145مسافر اور عملہ محفوظ رہے تھے۔ایئرپورٹ انتظامیہ نے مسافروں کوگھر اور ہوٹل بھیج دیاتھا۔ پی آئی اے کی پروازپی کے ڈبل ٹو تھری کواب آج دبئی روانہ کیا جائیگا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل بھی نیو اسلام آباد انڑنیشنل ایئرپورٹ پر قومی ایئر لائن (پی آئی اے) کا طیارہ حادثے سے بال بال بچ گیا تھا۔بتایاگیا تھا کہ پرواز نمبر پی کے 325 نے کوئٹہ کیلئے ٹیک آف کیا ہی تھا کہ فضا میں پرندہ طیارے کے انجن سے ٹکرا گیاتھا طیارے کے پائلٹ نے انجن سے خود کار نظام کے تحت سگنل ملتے ہی کنٹرول ٹاور کو آگاہ کرکے واپس لینڈنگ کیلئے آگاہ کیاگیا تھا۔ پائلٹ نے فوری طور پر مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے طیارے کو بحفاظت اسلام آباد ایئرپورٹ پر لینڈ کروا لیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close