بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی)وزیراعظم شہباز شریف نے بجٹ کی منظوری پر وزیرخزانہ کی ستائش کرتے ہوئے کہا ہے کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا، اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے۔

وزیراعظم شہباز شریف سے وزیرخزانہ محمد اورنگزیب نے قومی اسمبلی میں بجٹ کی منظوری کے بعد ملاقات کی، انہوں نے وزارت خزانہ، وزارت منصوبہ بندی، ایف بی آر اور تمام متعلقہ وزارتوں کے افسران کی بجٹ کی تیاری کیلیے کوششوں کو بھی سراہا۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بجٹ اجلاس میں حکومت، اتحادی ارکان اور حزب اختلاف سب نے بھرپور حصہ لیا، امید کرتے ہیں بجٹ 2024-25 پاکستان کیلیے ترقی و خوشحالی میں معاون ثابت ہوگا۔پوری کوشش کی کہ موجود وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے عام آدمی کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دیں۔ ان کا کہنا تھا کہ بجٹ میں تنخواہ دار طبقے، پینشنرز اور مزدوروں کو ریلیف دیا۔وزیراعظم نے کہا کہ بجٹ میں صحت، تعلیم، زراعت اور انفارمیشن ٹیکنالوجی شعبے کی ترقی پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ٹیکس نیٹ کی وسعت کے حوالے سے وزیرخزانہ سے دوران ملاقات شبہاز شریف نے کہا کہ اشرافیہ اور ٹیکس نا دہندگان کو ٹیکس نیٹ میں لائیں گے، ایسا ممکن نہیں کہ غریب ٹیکس دے اور اشرافیہ کو ٹیکس مراعات دی جائیں۔انہوں نے کہا کہ الحمد للہ پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سفر شروع ہے اور معیشت درست سمت کی جانب گامزن ہے۔شہباز شریف نے کہا کہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کی بدولت ملک میں سرمایہ کاروں کا اعتماد بحال ہوا ہے، ترجیحی بنیادوں پر اداروں میں اصلاحات اور ملکی خزانے کو نقصان پہنچانے والے اداروں کی نجکاری کیلئےاقدامات کر رہے ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close