جماعت اسلامی نےآپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلے کو مسترد کردیا

لاہور(پی این آئی) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے آپریشن عزم استحکام کے حکومتی فیصلہ کو مسترد کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ پاکستان کسی مزید فوجی آپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا۔

گزشتہ تئیس برسوں سے جاری آپریشنز کے نتیجہ میں مغربی سرحد جو پہلے مکمل طور پر محفوظ تھی غیر محفوظ ہوگئی ہے۔ پرویز مشرف کے امریکہ کی نام نہاد دہشت گردی مخالف جنگ میں پاکستان کی شرکت کے فیصلہ اور سب سے پہلے پاکستان کا نعرہ لگا کر عوام کو بے وقوف بنانے کی کوشش سے حالات ایسے ہوگئے ہیں کہ دہشت گردی روکے نہیں رک رہی۔

اس جنگ سے نہ صرف افغانستان بیرونی طاقتوں کا اکھاڑہ بنا بلکہ خطہ کا امن متاثر ہوا، پاکستان میں را، بلیک واٹر ، سی آئی اے سمیت دنیا بھر کی ایجنسیوں کی مداخلت کے دروازے کھل گئے، ایک لاکھ کے قریب پاکستانی سویلین اور سیکیورٹی شہید ہوئے اور قومی معیشت کو ایک اندازے کے مطابق دوسو ارب ڈالر کا نقصان پہنچا۔منصورہ سے جاری ویڈیو پیغام میں امیر جماعت نے کہا کہ پاکستان بیرونی قوتوں کے دباؤ پر کسی قسم کے اپریشن کا متحمل نہیں ہوسکتا اور نہ ہی فارم سنتالیس سے آئے ہوئے لوگوں کو یہ اختیار ہے کہ قوم کی تقدیر کے فیصلے کریں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں