اسلام آباد (پی این آئی) پی آئی اے کا ایک اور فضائی میزبان کینیڈا پہنچ کر سلپ ہوگیا، جس کے بعد قومی فضائی کمپنی کے کینیڈا میں اب تک غائب ہونے والے فضائی میزبانوں کی تعداد 14 ہو گئی۔
نجی ٹی وی” ایکسپریس نیوز” کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائرلائنز کے ٹورنٹو سیکٹر پر فضائی میزبانوں کے مبینہ لاپتا ہونے کا سلسلہ نہیں تھم سکا۔ ایک اور فضائی میزبان ٹورنٹو پہنچ کر مبینہ طور سے لاپتہ ہوگہا۔ نور شیر پاکستان سے کینیڈا ٹورنٹو کی پرواز نمبر پی کے 781 پرتعینات 16 رکنی فضائی میزبانوں کی ٹیم میں شا مل تھا ۔نور شیر کے لاپتہ ہونے کا علم واپسی کی پرواز کے لیے رپورٹ نہ کرنے پر ہوا، جس کے بعد موجودہ فضائی میزبان سمیت پی آئی اے کے ٹورنٹو میں لاپتہ مرد و خواتین فضائی میزبانوں کی تعداد 14 ہو گئی۔ لاپتا فضائی میزبانوں نے کینیڈا میں مبینہ اسائلم کے لیے اپلائی کر رکھا ہے۔
واضح رہے کہ ٹورنٹو کی جیل میں رہنے والی خاتون فضائی میزبان کو ٹورنٹو پرواز پر 10 سے زائد بار تعینات کیا گیا تھا۔ مذکورہ خاتون کو ٹورنٹو پرواز پر تعینات نہ کیے جانے کی واضح ہدایات کے باوجود ڈیوٹی پر بھیجاگیا۔ ٹورنٹو میں تاحال موجود حنا ثانی کی تعیناتی کے ذمے داران کے خلاف جاری تحقیقات میں بھی کوئی پیش رفت سامنے نہیں آ سکی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تحقیقات کے لیے وزارت ہوا بازی اور قومی ائرلائن نے علیٰحدہ علیٰحدہ کمیٹیاں تشکیل دی تھیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں