سعودی عرب میں نوکری کے خواہشمند پاکستانیوں کیلئے اہم خبر

لاہور (پی این آئی )اوورسیز ایمپلائمنٹ کارپوریشن (او ای سی) کے زیر اہتمام سعودی عرب کے لیے نرسز کے واک ان انٹرویوز کا عمل 27 جون سے شروع ہو گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے اے پی پی کے مطابق او ای سی کے ایک عہدیدار نے بتایا ہے کہ نرسز کے انتخاب کے لیے واک ان انٹرویوز 27 اور 28 جون کو شالیمار ٹاور ہوٹل جیل روڈ لاہور، 2 اور 3 جولائی کو پرل کانٹی نینٹل (پی سی) ہوٹل راولپنڈی سمیت مختلف تاریخوں اور مختلف مقامات پر منعقد ہوں گے۔انہوں نے بتایا کہ سعودی عرب کو مختلف شعبوں میں نرسنگ اسٹاف کی ضرورت ہے جن میں امراضِ قلب کی نگہداشت، ایمرجنسی، طبی نگہداشت، دایہ گیری، شعبہ اطفال، نازک امراض کی نگہداشت، گردوں کی صفائی، نوزائیدہ کی نگہداشت، آنکولوجی، جراحی کی نگہداشت اور انتہائی نگہداشت شامل ہے۔ان کے مطابق حتمی انتخاب کے لیے صرف اہل خواتین کو ہی مدعو کیا جائے گا جن کے پاس بیچلر آف سائنس ان نرسنگ یعنی بی ایس سی این (4 سالہ) یا (پوسٹ آر این) اور متعلقہ شعبے میں کم از کم 2 سال کا تجربہ ہواور عمر 45 سے زیادہ نہ ہو۔

انہوں نے کہاکہ کمپنی کی طرف سے منتخب ملازمین کو رہائش، ٹرانسپورٹ، سعودی لیبر قانون کے مطابق ایک سال کے بعد مفت واپسی کا ٹکٹ، ہر سال 21 دن کی تعطیلات تنخواہ کے ساتھ دی جائیں گی۔’دلچسپی رکھنے والی ڈگری ہولڈرز ویب سائٹ https://oec.gov.pk/ کے ذریعے درخواست دے سکتی ہیں‘۔انہوں نے مزید کہاکہ تکنیکی مدد کے لیے او ای سی ہیلپ ڈیسک 0311-0011-632 UANاور یا ای میل [email protected] پر رابطہ کیا جاسکتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close