مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن پہلی بات کیا ہوگی؟ وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور نے شرط بتا دی

راولپنڈی ( پی این آئی ) وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا ہے کہ مذاکرات کیلئے تیار ہیں لیکن پہلی بات مینڈیٹ چوری، فارم 45 کی ہوگی، سابق کمشنر راولپنڈی لیاقت چٹھہ کو پاگل قرار دے کر جان نہیں چھوٹ سکتی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے پالیسی پر بات چیت ہوئی ہے، ایپکس کمیٹی کی میٹنگ میں ایک پالیسی بتائی گئی، پالیسی تھی کہ امن و امان کا قیام، دہشت گردی کا خاتمہ ہونا چاہئے، میٹنگ میں عزم پاکستان کا نام آیا۔انہوں نے کہا کہ آپریشن کا لفظ نہ پہلے تھا نہ بعد میں، بانی پی ٹی آئی کی حکومت میں دہشتگردی میں کمی آئی، ہم نے سی ٹی ڈی کو بہتر کیا، ہماری پالیسی ہے عوام کو پہلے اعتماد میں لیا جائے، دہشت گردی کا مقابلہ عوام کے بغیر نہیں کر سکتے، صوبوں اور پارلیمان کو اعتماد میں لئے بغیر فیصلہ نہیں کر سکتے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ ابھی تک تو پالیسی آئی ہی نہیں کہ انہوں نے کرنا کیا ہے، بلاول بھٹو نے پوری دنیا کا چکر لگایا مگر افغانستان نہیں گئے، ان کو ہمارے افواج پاکستان کے جوانوں اور سویلین جوانوں کی پروا نہیں، مقابلہ کرنے کیلئے ایک بہترین پالیسی اور بات چیت ہونی چاہئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں