لاہور (پی این آئی) ملک کے سینئر قانون دان اور پیپلزپارٹی کے رہنماء چوہدری اعتزاز احسن کا کہنا ہے کہ الیکشن میں بے ضابطگیوں کے معاملے پر یہ ایک سال مکمل کرنا چاہتے ہیں پھر سارے الیکشن ریکارڈ کو آگ لگا دیں گے۔
انہوں نے کہا کہ یہ فارم 45 ان کے گلے کے پھندے بن جائیں گے، جس میں چیف الیکشن کمشنر سمیت سارا الیکشن کمیشن پھنستا ہے، اب فارم 45 سے بچنے کے لیے ان کے پاس صرف ایک ہی طریقہ ہے، جس پر یہ انحصار کر رہے ہیں اس کے لیے انہوں نے قانون میں تبدیلی کی ہے کیوں کہ پہلے یہ ہوتا تھا کہ الیکشن ریکارڈ کو کم از کم 5 سال تک محفوظ رکھا جاتا تھا یہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی انہوں نے اس قانون کو تبدیل کرکے اس کی مدت ایک سال کردی ہے، ایک سال بعد اس سارے ریکارڈ کو آگ لگادی جائے گی۔
اعتزاز احسن کا یہ بھی کہنا ہے کہ عمران خان کیخلاف تمام مقدمات بے بنیاد قائم کئے گئے ہیں یہ سارے کیسز صرف مفروضات کی بنیادپر بنائے گئے ہیں، سزائیں دیتے وقت ملزم کو دفاع کا حق نہیں دیا گیا، پراسیکیوشن کے وکلاءکو ملزم کا وکیل مقرر کرایا گیا، ملزم کا 342 کا بیان لیے بغیر سزا دی گئی ، سائفر کیس میں ملزم کے گواہوں کو نہیں بلوایا گیا، سائفر میں عمران خان کے 342 کے بیان پر ان کے دستخط ہی نہیں تھے، بانی پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کی سزا پر جگ ہنسائی ہو ئی تھی کیوں کہ ملزمان کو بغیر موقع دئیے سزا دی گئی ہے، ہم 70 سال سے یہی ڈرامہ دیکھ رہے ہیں اس کو اب بند ہونا چاہیے، آج ایک پارٹی کے ساتھ یہ ہو رہا ہے کل کسی اور سیاسی جماعت کے ساتھ ایسا کیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں