ن لیگ اور پیپلزپارٹی میں شئیرنگ فارمولا طے پاگیا

لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلزپارٹی کے درمیان پاور شیئرنگ کا فارمولا سامنے آگیا۔

ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی میں تعاون یک طرفہ نہیں بلکہ دوطرفہ ہوگا، مسلم لیگ ن پنجاب میں جو پاور شیئرنگ کرے گی وہ سندھ میں لے گی، پیپلزپارٹی مسلم لیگ ن کو سندھ کے تمام اضلاع میں شریک اقتدار کرے گی، کابینہ میں شامل ہوئے بغیر شریک اقتدار ہوا جائے گا۔ادھر پاور شیئرنگ کے معاملے پر پیپلزپارٹی کے اہم مطالبات بھی سامنے آگئے۔ذرائع کے مطابق پیپلزپارٹی نے پنجاب میں حکومتی محکموں کی کمیٹیوں کی شیئرنگ کا مطالبہ کیا ہے، پی پی پی نے مارکیٹ کمیٹیوں، زکوٰةکمیٹیوں، بیت المال کمیٹیوں میں بھی نمائندگی مانگ لی ہے۔پیپلزپارٹی نے حکومتی سطح پر مختلف کمیٹیوں، ٹاسک فورس میں بھی نمائندگی کی ڈیمانڈ کی ہے۔

پی پی پی کا مطالبہ ہے کہ پنجاب کے تمام اضلاع میں انتظامی سطح پر بھی پیپلزپارٹی کو بااختیار بنایا جائے، اسمبلی کی سطح پر بھی پیپلزپارٹی کو قائمہ کمیٹیوں میں نمائندگی اورچیئرمین شپ دی جائے۔پاکستان پیپلزپارٹی نے مطالبہ کیا ہے کہ پیپلزپارٹی کو ڈویلپمنٹ فنڈز اور ترقیاتی منصوبوں کے حوالے سے بھی شیئر دیا جائے، پوسٹنگ ٹرانسفرز میں بھی پیپلزپارٹی کی سفارشات کو تسلیم کیا جائے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ہر 15 دن بعد مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی کی مشترکہ کمیٹی کا اسلام آباد یا لاہور میں اجلاس ہوا کرے گا، پاور شیئرنگ میں طے پانے والے امور پر عمل درآمد مشترکہ کمیٹی کی ذمہ داری ہوگی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close