پیپلزپارٹی بجٹ منظوری میں حکومت کا ساتھ دے گی یا نہیں؟ فیصلہ سنا دیا

اسلام آباد (پی این آئی)چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو بجٹ کی منظوری میں تعاون کرنےکی یقین دہانی کرادی، ساتھ ہی وزیراعظم کو اپنے تحفظات سے آگاہ بھی کیا۔

وزیر اعظم شہباز شریف اور پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی وزیر اعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات ہونے والی ملاقات میں پیپلز پارٹی کی وفاقی کابینہ میں شمولیت اور پنجاب میں پاور شیئرنگ پر بھی بات چیت کی گئی۔جیو نیوز کے مطابق بلاول بھٹو نے شکوہ کیا کہ حکومت کسی فیصلہ سازی میں ہمیں اعتماد میں نہیں لے رہی۔ سندھ کے مختلف منصوبوں میں وفاقی حکومت کی جانب سے سنجیدگی کا مظاہرہ نہیں کیا جارہا۔وزیراعظم نے بلاول بھٹو کو تمام تحفظات دور کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

وزیراعظم شہباز شریف سے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی ملاقات میں ن لیگ کے رہنما اسحاق ڈار، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب، رانا ثناء اللّٰہ، عطا تارڑ اور علی پرویز ملک بھی موجود تھے۔پیپلز پارٹی بجٹ میں مشاورت نہ کرنے پر مسلم لیگ ن کی حکومت سے ناراض تھی، 12 جون کو بجٹ اجلاس میں بلاول نے شرکت نہیں کی تھی، پیپلز پارٹی کے چند ارکان ہی علامتی طور پر ایوان میں آئے تھے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close