پشاور (پی این آئی) خیبر پختونخوا میں عید کے دوسرے روز بھی بدترین لوڈشیڈنگ کا سلسلہ جاری ہے، جس کے خلاف مختلف شہروں میں عوام سڑکوں پر نکل آئی اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔
یونین کونسل ہوتی کے سینکٹروں عوام نے عید پر بھی بدترین لوڈ شیڈنگ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ گرمی کے ستائے عوام کو مساجد کے لاؤڈ سپیکروں پر اعلانات کرکے تھانہ ہوتی کے سامنے پہنچنے کی ہدایات کی گئیں۔اسی طرح مردان میں بھی احتجاج کیا گیا جہاں مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی رہنما دریاب خان ،اور لشکر خان اور معززین علاقہ نے کی۔ مظاہرے کے سبب طوور مایار روڈ بلاک ہوگیا۔مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ عید کے پہلے روز سے بجلی کی آنکھ مچولی نے عوام کی زند گی اجیرن کر دی، واپڈا افسران کو بھی گھر میں بچوں کے ساتھ سکون سے چھٹییاں گزارنے نہیں دیں گے۔ بجلی کی طویل اور غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کے خلاف پشاور چارسدہ روڈ پر شہریوں نے احتجاج کیا، مظاہرین نے پشاور چارسدہ روڈ کو ہر قسم کے ٹریفک کے لیے بند کردیا۔ سڑک پر گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔مظاہرین نے شکوہ کیا کہ عید کے روز بھی اٹھارہ اٹھارہ گھنٹوں تک بجلی بند کی جارہی ہے۔
جب تک بجلی بحال نہیں کی جاتی احتجاج جاری رہے گی ۔نوشہرہ کلاں میں بجلی اور گیس کی لوڈ شیڈنگ کے خلاف عوام سڑکوں پر آگئے اور مردان نوشہرہ روڈ بلاک کردیا جس کے سبب دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں۔ مظاہرین نے واپڈا اور گیس حکام کے خلاف نعرے بازی کی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں