پیٹرول سستا، بجلی کی فی یونٹ قیمت میں بڑا اضافہ

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی حکومت نے پیٹرول مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی جبکہ نیپرا نے عوام پر بجلی کی قیمت بڑھانے کا بم گرا دیا۔

میڈیا کے مطابق نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں 5 روپے 72پیسے فی یونٹ اضافے کی منظوری دے دی ، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کی منظوری مالی سال 2024-25 کیلئے دی گئی۔ نیپرا نے بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا فیصلہ وفاقی حکومت کو بھجوا دیا ہے، بجلی کے بنیادی ٹیرف میں اضافے کا اطلاق یکم جولائی 2024 سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ بجلی کا اوسط بنیادی ٹیرف 29.78 روپے سے بڑھ کر 35.5روپے فی یونٹ ہوجائے گا۔ بجلی کی قیمت میں اضافے کا فیصلہ وفاقی کابینہ کی منظوری سے کیا جائے گا، اسی طرح بجلی کی قیمت میں ایک ساتھ اضافہ ہوگا یا مرحلہ وار یہ فیصلہ بھی کابینہ کرے گی۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے آئندہ 15روز کیلئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دس روپے سے زائد کمی کا اعلان کردیا ہے، نئی قیمتوں کا اطلاق 15جون کی تاریخ کے آغاز سے ہوگا۔ وزیراعظم نے ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 33 پیسے فی لیٹر اورپیٹرول کی قیمت میں 10 روپے 20 پیسے فی لیٹر کمی کردی ہے۔ یکم جون کو ڈیزل کی قیمت میں 3 روپے 86 پیسے فی لیٹر اورپیٹرول کی قیمت میں 4 روپے 74 پیسے فی لیٹر کمی کی گئی تھی۔ پیٹرول کی فی لیٹر قیمت پر مجموعی طور پر 35 روپے کا ریلیف دیا جاچکا ہے۔

ڈیزل اور پیٹرول کی نئی قیمتوں کا اطلاق آج رات 12بجے سے ہوگا۔ مزید برآں پی ایم آفس کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کی قیمت میں 10روپے 69 پیسے کی کمی کردی ہے، صنعت اور برآمدات کے شعبے کے لئے بجلی کی قیمت 34 روپے 99 پیسے فی یونٹ مقرر کردی گئی۔ صنعتوں کو یہ پیکج عالمی منڈی میں اشیاء کی لاگت کے مقابلے کے قابل بنانے کیلئے کیا گیا۔ وزیراعظم کے پیکج کے نتیجے میں صنعتوں سے 200 ارب روپے سے زائد کا بوجھ ختم ہوگا۔ پیکج سے صنعتی اور زرعی پیدواری لاگت میں کمی اور برآمدات میں اضافہ ہوگا۔ پیکج سے صنعتی ترقی کی رفتار مزید تیز ہوگی اور روزگار میں اضافہ ہوگا۔ صنعتوں کے پہیے کی رفتار تیز اور برآمدات میں اضافے سے معیشت کو فائدہ ہوگا۔

close