وفاقی کابینہ میں توسیع کی تیاریاں، مولانا فضل الرحمٰن سےوزیراعظم اور وزیر داخلہ کی ملاقاتوں کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

اسلام آباد (پی این آئی )وزیر اعظم کے بعد وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے بھی جمعیت علمائے اسلام (ف )کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کی ہے ۔وفاقی وزیرداخلہ نے مولانا فضل الرحمان کی عیادت کی اورخیریت دریافت کی۔

انہوں نے سربراہ جے یو آئی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا اور کہا کہ آپ کی صحت و سلامتی کیلئے دعا گو ہوں۔انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان سے 25 سال کا دیرینہ تعلق ہے، ان سے عزت و احترام والا رشتہ ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ مسلم لیگ ن نے عید کے بعد کابینہ میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو بھی کابینہ میں شامل کرنے کے لیے کوششیں تیز کر دی ہیں۔ اس سلسلے میں وزیراعظم شہباز شریف اور وزیر داخلہ محسن نقوی متحرک ہیں اور دونوں نے مولانا فضل الرحمان سے یکے بعد دیگرے ملاقاتیں کی ہیں۔ن لیگی ذرائع کا کہنا ہے کہ پارٹی کی اعلی سطح کی قیادت جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو کابینہ میں شامل کرنے کی خواہش مند ہے اور اس حوالے سے نواز شریف نے خصوصی ہدایات جاری کی ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت سازی کے حوالے سے ہونے والے پہلے اجلاس میں جمعیت علمائے اسلام پاکستان کو مدعو نہ کرنے کی وجہ سے مولانا فضل الرحمان کو شکوہ ہے جسے دور کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔ اگر مولانا فضل الرحمان تیار ہو گئے تو عید کے بعد کابینہ میں توسیع کی جائے گی اور مولانا کی جماعت کو دو وفاقی وزارتیں دی جا سکتی ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close