الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریاں، پی ٹی آئی نے دبنگ اعلان کر دیا

اسلام آباد ( پی این آئی) کورکمیٹی تحریک انصاف نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کی تقرریوں کو کسی صورت تسلیم نہیں کرتے، ٹربیونلز میں ریٹائرڈ ججز کے روبرو مقدمات کی پیروی نہیں کریں گے، مجرم چیف الیکشن کمشنر نے مرضی کے آراوز لگا کر انتخابات میں ڈاکہ ڈالا، اب ریٹائرڈ ججز لگا کر مرضی کے فیصلے لینا چاہتے ہیں۔

پی ٹی آئی آفیشل ایکس کے مطابق ‏پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کے اجلاس کے اعلامیہ میں پاکستان تحریک انصاف کی کورکمیٹی کی جانب سے بانی چیئرمین عمران خان کو فراہمئ انصاف میں تاخیر کی شدید مذمت کی گئی۔ بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ کے خلاف جھوٹے اور بیہودہ عدّت کیس کی نئی عدالت میں منتقلی بھی کلیتاً مسترد ، بانی چیئرمین عمران خان اور ان کی اہلیہ فوری رہائی کے مستحق ہیں، انصاف کی فراہمی کے عمل کو سست روی کا شکار کرکے صریح ناانصافی کی بھینٹ چڑھایا جا رہا ہے۔

بانی چیئرمین کو سیاسی انتقام کا نشانہ بنانے اور ناحق قید میں رکھنے کیلئے قانون و ضوابط کی دھجیاں اڑا کر دس گنا رفتار سے ٹرائلز کئے گئے اور سزائیں سنائی گئیں۔ جھوٹے، بےبنیاد، جعلی اور من گھڑت مقدّمات اپنے انجام سے دوچار ہیں تو لمبی لمبی تاریخوں کی آڑ میں ٹرائلز کو سست روی کا شکار کیا جارہا ہے۔ عدّت کیس کے ٹرائل کی تکمیل پر اسے نئی عدالت منتقل کرنا سراسرا غیرآئینی، غیرقانونی اور منصفانہ ٹرائل کے ساتھ ایک سنگین مذاق ہے جسے کلیتاً مسترد کرتے ہیں، عدلیہ لاقانونیّت اور سیاسی انتقام کے مکروہ سلسلے کو کندھا فراہم کرنے کے بجائے آئین و انصاف کے ساتھ کھڑی ہو اور بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ اور تمام سیاسی قیدیوں کو فی الفور رہا رہا کرے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close