حکومت نے سوشل میڈیا پر لگام ڈالنے کی تیاریاں کرلیں،تہلکہ خیز تفصیلات آگئیں

اسلام آباد (پی این آئی)سینئر صحافی و تجزیہ کار عمر چیمہ نے انکشاف کیا ہے کہ حکومت نے سوشل میڈیا پر لگام ڈالنے کی تیاری کر لی ہے ۔

ان کی رپورٹ کے مطابق 4 مختلف ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ سوشل میڈیا پر لگام ڈالنے کیلئے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والی مختلف کمپنیوں میں ایک قومی فائر وال انسٹال (نصب) کیا جا رہا ہے تاکہ ناپسندیدہ مواد کو وسیع تر انٹرنیٹ صارفین تک پہنچنے سے روکا جا سکے۔ ایک مؤقر ذریعے نے استفسار پر تصدیق کی ہے کہ یہ فائر وال خریدا جا چکا ہے اور اب اسے انسٹال کیا جا رہا ہے۔ پاکستان پہلے ہی یہ ٹیکنالوجی استعمال کر رہا ہے لیکن اسے صرف ویب سائٹس اور سوشل میڈیا ایپس کو بلاک کرنے کیلئے استعمال کیا جا رہا تھا۔ 2013 میں، کینیڈا کی کمپنی نیٹ سویپر کے فائر والز (فلٹرز) انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے سب سے بڑے ادارے پاکستان

ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ میں انسٹال کیے گئے تھے۔ یہ کمپنی پاکستان کو باقی دنیا سے جوڑنے والی سب میرین کیبلز میں 65 فیصد سے زائد کی شیئر ہولڈر ہے۔ تازہ ترین ٹیکنالوجی کے ذریعے مختلف انٹرنیٹ پروٹوکول ایڈریسز سے سامنے آنے والی معلومات کا جائزہ لیا جا سکے گا اور اس کی نگرانی کی جا سکے گی۔رپورٹ کے مطابق اس منصوبے سے آگاہ ایک سرکاری عہدیدار کا کہنا تھا کہ قومی فائر وال دو مقاصد کو پورا کرے گی: ان مقامات کی نشاندہی کرے گی جہاں سے پروپیگنڈے کا مواد شروع ہو رہا ہے اور ساتھ ہی ان اکائونٹس کو بلاک کیا جا سکے گا یا پھر اس تک رسائی محدود کر دی جائے گی، تاہم انہوں نے رائے پیش کرتے ہوئے کہا کہ بنیادی مقصد پروپیگنڈہ کرنے والے تک پہنچنا اور برائی کو جڑ سے ختم کرنا ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں