عمران خان نے ایک بار پھر ایف آئی اے کی تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا

اسلام آباد(پی این آئی)بانی پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) عمران خان نے متنازع ٹوئٹ کے معاملے میں ایک بار پھر سے وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) کی تفتیش میں شامل ہونے سے انکار کر دیا ہے۔

بانی پی ٹی آئی کے ایکس اکاؤنٹ سے ریاست مخالف ویڈیو اپ لوڈ کرنے کے معاملے میں اہم پیش رفت سامنے آئی جب ایف آئی اے کی دو رکنی تفتیشی ٹیم اڈیالہ جیل پہنچی لیکن عمران خان نے شامل تفتیش ہونے سے انکار کردیا۔دو رکنی ٹیم میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایاز اور سب انسپکٹر منیب احمد شامل تھے۔ذرائع کے مطابق بانی پی ٹی آئی نے شامل تفتیش ہونے کے لئے وکلا کی موجودگی کو مشروط کیا ہے اور انہوں نے کہا کہ وکلا کی موجودگی میں ہی تفتیش میں تعاون ہو سکتا ہے۔ایف آئی اے ٹیم بانی پی ٹی آئی کے تحریری انکار کے بعد جیل سے واپس روانہ ہوگئی۔ایف آئی اے ٹیم چند دن قبل بھی بانی پی ٹی آئی سے تفتیش کیلئے اڈیالہ جیل کا دورہ کرچکی ہے اور پہلے دورمیں انہوں نے تعاون اور سوالات کے جوابات دینے سے انکار کر دیا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں