عمران خان کیخلاف مزید ریفرنسز لانے کی تیاریاں ہونے لگیں

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے قائد عمران خان کو مزید طویل عرصہ جیل میں رکھنے کیلئے مختلف آپشنز پر غور کیے جانے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں۔

صحافی انصار عباسی نے رپورٹ کیا ہے کہ اس وقت عدت کیس میں عمران خان اور بشریٰ بی بی کی سزا ان کی جیل سے رہائی میں بڑی رکاوٹ ہے، اس کے علاوہ بھی سابق وزیراعظم کو غیر معینہ مدت تک جیل میں قید رکھنے کیلئے حکام کے پاس مختلف آپشن موجود ہیں، جن کے تحت عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف نیب کی جانب سے توشہ خانہ ریفرنس دوم دائر کرنے کیلئے درست وقت کا انتظار کیا جارہا ہے۔

باخبر ذرائع کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ توشہ خانہ کیس دوم کے سلسلے میں نیب کی تحقیقات مکمل ہو چکی ہیں، جس کے بعد عمران خان اور بشریٰ بی بی کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس دائر کرنے کی تیاری مکمل ہوچکی ہے، تاہم یہ ریفرنس درست وقت پر دائر کیا جائے گا، نیب کے اس اقدام کا مقصد اس بات کو یقینی بنانا ہے کہ عدت کیس میں بری ہونے کے باوجود قائد تحریک انصاف اور ان کی اہلیہ کو جیل کی سلاخوں میں بند رکھا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں