قومی ائیرلائن نے سعودی عرب کی پروازوں پر کرایوں میں کمی کا اعلان کر دیا

کراچی ( پی این آئی) قومی فضائی کمپنی پی آئی اے نے سعودی عرب کی مختلف پروازوں پر کرایوں میں کمی کا اعلان کردیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے لیے مختلف پروازوں کے کرایوں میں 30 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے، جس سے ریاض، دمام اور القسیم جانے والے مسافر فائدہ اٹھا سکیں گے، مسافر رعایتی کرایوں کی سہولت 10 سے 18 جون تک حاصل کر سکتے ہیں۔ دوسری جانب یورپی یونین کی ائیر سیفٹی کمیٹی نے پاکستانی ائیر لائنز پر یورپ میں آپریشنز پر پابندی کا فیصلہ برقرار ر کھتے ہوئے قرار دیا ہے کہ پابندی سی اے اے کی جانب سے مؤثر نگرانی کے نظام میں کمزوری کی وجہ سے عائد کی گئی تھی اور پاکستان کو سیفٹی سمیت کئی امور کو بہتر بنانے کے لیے کہا گیا تھا تاہم اس پر کوئی پیش رفت نہ ہونے کی وجہ سے پابندی کو برقراررکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے.

برطانوی نشریاتی ادارے نے رپورٹ کیا ہے کہ یورپی یونین کی کمیٹی کی جانب سے پاکستان کی سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے کردار کا جائزہ لیا گیا جس میں ائیر ٹریول میں حفاظتی پہلوؤں اور اس سے منسلک امور کو دیکھا گیا اگرچہ یورپی یونین کمیٹی کی جانب سے سی اے اے کے کچھ اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا تاہم کچھ پہلوؤں پر تشویش کا اظہار کیا گیا جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا کہ پاکستانی ائیر لائنز کے لیے یورپ میں آپریٹ کرنے پر پابندی کا فیصلہ برقرار رہے گا.

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close