اسلام آباد (پی این آئی )پاکستان پیپلزپارٹی اور مسلم لیگ (ن) کے درمیان پنجاب کے امور پر برف نہ پگھل سکی، پنجاب میں پاور شیئرنگ فارمولے پر دونوں جماعتوں میں ڈیڈ لاک برقرار ہے۔
میڈیارپورٹ کے مطابق پیپلزپارٹی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب پاور شیئرنگ فارمولے پر عملدرآمد شروع نہیں ہوا، ن لیگ پنجاب کے حوالے سے مناسب رسپانس نہیں دے رہی۔ذرائع نے بتایا کہ پی پی اور ن لیگ پنجاب کی رابطہ کمیٹیوں میں چار ملاقاتیں ہوئی ہیں، ن لیگ کی رابطہ کمیٹیوں سے ملاقاتیں بے نتیجہ رہیں، ن لیگ رابطہ کمیٹی سے ملاقاتیں نشستاً، گفتاً، برخاستاً تھیں۔پی پی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ن لیگ پنجاب پاور شیئرنگ فارمولے سے متعلق غیر سنجیدہ ہے،پنجاب کے بارے میں ن لیگ کے غیر سنجیدہ رویے نے مایوس کیا ہے، پارٹی قیادت کو ن لیگ کے غیر سنجیدہ رویے سے آگاہ کیا ہے، ن لیگ کی غیر سنجیدہ رویے کے ساتھ بات چیت بے سود رہے گی۔
ذرائع نے دعوی کیا ہے کہ ن لیگ پنجاب میں پیپلزپارٹی کو اسپیس نہیں دے رہی، پنجاب میں پی پی وررکز کے خلاف انتقامی کارروائیاں جاری ہیں، پیپلزپارٹی کو ضلعی سطح پر قائم شدہ کمیٹیز میں شامل نہیں کیا جا رہا۔ پیپلزپارٹی کے ذرائع نے مزید بتایا کہ پنجاب کی انتظامیہ کو پی پی کا خیال رکھنے کی ہدایات نہیں دی گئیں، پیپلزپارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی آئندہ بجٹ میں نظرانداز ہو رہے ہیں جبکہ پیپلزپارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی کو تاحال فنڈز بھی جاری نہیں کیے گئے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں