اسلام آباد (پی این آئی) سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی راؤف حسن نے کہا ہے کہ عمران خان جیل میں ہیں شیخ مجیب کی ویڈیو وہ کیسے ٹویٹر پراپ لوڈ کرسکتے ہیں؟ پی ٹی آئی سوشل میڈیا ٹیم پاکستان کے باہر سے آپریٹ ہوتی ہے، سوشل میڈیا ٹیم کا ہیڈ امریکا میں بیٹھتا ہے، ان سے ڈسکس کروں گا ۔
انہوں نے اے آروائی نیوز کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جب عمران خان سے ملاقات ہوئی ، اس وقت کورکمانڈرز کانفرنس کا پتا نہیں تھا، عمران خان اپنا ٹویٹر اکاؤنٹ آپریٹ نہیں کررہے، بانی پی ٹی آئی جیل میں ہیں وہ کیسے ٹویٹر پر ویڈیو اپ لوڈ کرسکتے ہیں؟بانی پی ٹی آئی کو شیخ مجیب کی ویڈیو کا علم نہیں تھا،مجھے انکوائری کرنی پڑے گی کہ عمران خان کا سوشل میڈیا اکاؤنٹ کون آپریٹ کرتا ہے، سوشل میڈیا میرے دائرے میں نہیں آتا، وہ الگ یونٹ ہے، میں ذاتی مصروفیات کی بناء پر ویڈیو دیکھ نہیں سکا، مجھے ابھی بھی نہیں پتا کہ وہ ویڈیو کیا ہے؟ ارکان اسمبلی نے ذاتی حیثیت میں ری ٹویٹ کی ہوگی ، میں متعلقہ ٹیم سے بات کروں گا، اگر کوئی قابل اعتراض چیز ہوئی تو اس پر بات کی جائے گی کہ ڈیلیٹ کرو یا ٹھیک کرو، کوئی بھی چیز بیانیئے سے باہر نہیں جانی چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں