بیرون ملک سے لائے جانیوالے موبائل فونز پر ٹیکس چھوٹ کی خبروں پر پی ٹی اے کا ردعمل آگیا

اسلام آباد(پی این آئی) سوشل میڈیا پر بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر عائد ٹیکسز کے خاتمے کی پوسٹس پر پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کا ردعمل آ گیا۔

ڈیلی پاکستان گلوبل کے مطابق سوشل میڈیا پر افواہ گردش میں تھی کہ حکومت کی طرف سے بیرون ملک سے موبائل فون لانے پر لاگو تمام ٹیکس ختم کر دیئے ہیں، تاہم پی ٹی اے نے اس بات کو بے بنیاد قراردے دیا ہے۔پی ٹی اے کی طرف سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ حکومتی سطح پر تاحال ایسا کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا۔صرف اوورسیز پاکستانیوں کو ان ٹیکسز سے مستثنیٰ قرار دیا جائے گا۔ نان پی ٹی اے موبائل فونز کے بارے میں بتایا گیا ہے کہ ایسے موبائل فونز کو عارضی طور پر رجسٹرڈ کرایا جا سکتا ہے۔

پی ٹی اے کی طرف سے بیان میں واضح کیا گیا ہے کہ ٹیکس سے متعلق فیصلہ ایف بی آر کے دائرہ کار میں آتا ہے۔ شہری اس حوالے سے افواہوں پر کان دھرنے کی بجائے مصدقہ ذرائع پر انحصار کریں۔رپورٹ کے مطابق حکومت کی طرف سے ’ڈیوائس آئیڈنٹی فکیشن، رجسٹریشن اینڈ بلاکنگ سسٹم‘ (ڈی آئی آر بی ایس)کے نام سے ایک سسٹم متعارف کرایا گیا ہے، جس کے ذریعے غیر تصدیق شدہ موبائل فونز کو سیلولر نیٹ ورکس پر بلاک کیا جا سکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں