ججز کو کالی بھیڑیں کہنے پر وزیراعظم نے معافی نہ مانگی تو نا اہل ہوجائیں گے

اسلام آباد (پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف کے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا ہے کہ ججز کو کالی بھیڑیں کہنے پر وزیراعظم نے معافی مانگ لی تو ٹھیک ہے ورنہ نا اہل ہو جائیں گے،عدالتیں اس اقدام کو نظر انداز نہیں کر سکتیں انہوں نے بہت بڑی غلطی کی۔

ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر بیرسٹر علی ظفر نے کہا کہ ہم نے بچپن سے یہی سنا ہے کہ ججز اپنے فیصلوں کے ذریعے بولتے ہیں،چیف جسٹس کا خط لکھنا نہیں بنتا تھا، عدلیہ کا رد عمل دینا نہیں بنتا تھا،پی ٹی آئی کی جانب سے ویڈیو کے ذریعے لوگوں کو اشتعال دلانے کی کوشش کی گئی ہے، حکومت بتائے ویڈیو سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کرنے میں کونسی غداری ہے، جس کا دل کرتا ہے اپنے مخالف پر غداری کا الزام لگا دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا ججز کو کالی بھیڑیں کہنا توہین عدالت ہے،وزیراعظم نے ان ججز کیلئے الفاظ استعمال کئے جو بانی پی ٹی آئی کے فیصلے دے رہے ہیں،عدالتوں کو کالی بھیڑیں کہنے پر وزیراعظم کو توہین عدالت کا نوٹس دینا پڑے گا، اگر وزیراعظم نے معافی مانگ لی تو ٹھیک ہے ورنہ نا اہل ہو جائیں گے، عدالتیں وزیراعظم کی جانب سے اس اقدام کو نظر انداز نہیں کر سکتیں، وزیراعظم نے کالی بھیڑوں کے الفاظ استعمال کر کے بہت بڑی غلطی کی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں