پاکستان ریلوے میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف

لاہور(پی این آئی) پاکستان ریلوے کے پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈیپارٹمنٹ کی چار سال کی خصوصی آڈٹ رپورٹ میں 12 ارب 49 کروڑ 89 لاکھ روپے کی بے ضابطگیوں کا انکشاف ہوا ہے۔

ریلوے کے پراپرٹی اینڈ لینڈ ڈیپارٹمنٹ میں خامیوں کی نشاندہی کے لیے خصوصی آڈٹ کیا گیا جس کی رپورٹ کے مطابق کراچی میں نجی فٹنس کمپنی شیپس کا لیز معاہدہ ختم ہونے کے باوجود دوبارہ نیلامی نہ ہونے سے ایک ارب 16 کروڑ روپے کا نقصان ہوا۔رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ ریلوے کی تین ارب 49 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی 2 ہزار 617 ایکڑ اراضی پر تجاوزات قائم ہیں، ملتان میں 1937، راولپنڈی 87.13 اور کوئٹہ میں 593 ایکڑ اراضی پر تجاوزات موجود ہیں جبکہ کراچی اور حیدرآباد میں ریلوے کی دو ارب 17 کروڑ روپے سے زائد مالیت کی اراضی پر غیر قانونی پٹرول پمپس قائم ہیں۔سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود کراچی میں گیلانی ریلوے اسٹیشن کی 63 ایکڑ اراضی تاحال واگزار نہیں کروائی گئی۔ گیلانی ریلوے اسٹیشن کی اراضی واگزار نہ کروانے سے کراچی سرکلر ریلوے کا منصوبہ آپریشنل نہیں ہو سکا جبکہ گیلانی ریلوے اسٹیشن کی زیر قبضہ اراضی کی قیمت چار ارب 40 کروڑ روپے ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close