لاہور (پی این آئی )حکومت نے نان فائلرز کی سمیں بند کرنے کا سلسلہ شروع کر دیاہے تاہم جن افراد کی سمیں بند ہو رہی ہیں تو پریشان ہونے کی ضرورت نہیں ہے بلکہ آپ اسے دوبارہ بحال کروا سکتے ہیں لیکن اس کیلئے کچھ ضروری ہدایات پر عمل کرنا ہو گا جو کہ حکومت کی جانب سے جاری کی گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق ایف بی آر کی جانب سے بند کی گئی موبائل سمز کو انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے کے بعد متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو کے ذریعے بحال کرایا جاسکے گا۔ ایسے کیسز بھی ہیں جن میں نان فائلرز نے سمز بلاک ہونے کے بعد ریٹرن تو جمع کرا دئے، لیکن اب وہ اپنی سمیں بحال کرانا چاہتے ہیں۔ ایف بی آر کی جانب سے بلاک کی گئی موبائل سم بحال کرانے کے 2 طریقے ہیں۔آسان طریقہ یہ ہے کہ ایف بی آر کو اس کی ہیلپ لائن کے ذریعے مطلع کیا جائے کہ ٹیکس ریٹرن فائل کر دیا گیا ہے، تصدیق کے بعد بلاک شدہ سم کو 48 گھنٹوں میں بحال کر دیا جائے گا۔دوسرا طریقہ یہ ہے کہ ریجنل ٹیکس آفس کے متعلقہ کمشنر ان لینڈ ریونیو سے رجوع کیا جائے، جس کے پاس انکم ٹیکس گوشوارے جمع نہ کرانے والوں کے حوالے سے دائرہ اختیار ہے۔نان فائلر اس متعلقہ ٹیکس آفس جائے جہاں وہ رجسٹرڈ ہے اور اپنے موبائل فون سم کو بحال کرنے کے لیے ریٹرن فائل کرنے کے بارے میں مطلع کرے۔
ایف بی آر کے مطابق مذکورہ افراد کے حوالے سے موبائل سمز اس وقت تک بلاک رہیں گی جب تک کہ ایف بی آر یا کمشنر ان لینڈ ریونیو اسے بحال نہ کرے۔انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کے سیکشن 114 بیکے تحت، انکم ٹیکس جنرل آرڈر میں مذکور شخص پر دائرہ اختیار رکھنے والا بورڈ یا کمشنر موبائل فون، موبائل فون سمز،م بجلی اور گیس کے کنکشن بحال کرنے کا حکم دے سکتا ہے، ان صورتوں میں کہ وہ مطمئن ہو کہ ریٹرن فائل کر دیا گیا ہے یا مذکورہ شخص آرڈیننس کی دفعات کے تحت ریٹرن فائل کرنے کا اہل یا ذمہ دار نہیں تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں