اسلام آباد (پی این آئی) چینی شہریوں سمیت دیگر غیر ملکیوں کی سکیورٹی کے لیے حکومت نے داسو اور چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو ۔ چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کے قیام کا جائزہ لینے کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں انہوں نے جامع پلان طلب کرتے ہوئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی۔ محسن نقوی نے 15 روز میں حتمی سفارشات پیش کرنے کا حکم بھی دیا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے۔ داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرح جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔ سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو۔
وزیر داخلہ نے کہا کہ سیف سٹی پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سکیورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔ اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی۔ واپڈا، خیبر پختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس مل کر اس سلسلے میں جامع پلان تیار کریں۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد، آر پی او ہزارہ اور واپڈا کے نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی اور ہدایت کی کہ کمیٹی 15 دن میں داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی اور جامع پلان پیش کرے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں