بھارتی خفیہ ایجنسی را کے 2 دہشتگردوں گرفتارکر لیا گیا

کراچی(پی این آئی)کراچی سے بھارت کی بدنام زمانہ خفیہ ایجنسی ’را‘ کے دو دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا گیا۔

ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کے مطابق چند روز پہلے حساس اداروں اور پولیس نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے بھارتی خفیہ ایجنسی را سے تعلق رکھنے والے دو دہشگردوں خاور حسین اور محمد جابر مشتاق کو گرفتار کیا تھا۔گرفتار ملزمان سے تفتیش کے بعد کورنگی پولیس نے صنعتی ایریا میں کارروائی کی جس میں بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ ماسٹر مائند شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری کو اس کے ساتھی احسن رضا سمیت گرفتار کیا گیا۔ایس ایس پی کورنگی حسن سردار کے مطابق بھارتی خفیہ ایجنسی را کے تربیت یافتہ دہشتگردوں سے تخریب کاری کا سامان، دستی بم اور اسلحہ بھی برآمد ہوا۔حسن سردار کا بتانا ہے کہ گرفتار ملزمان میں شیخ محمد ایوب عرف ایوب انصاری اور احسن رضا شامل ہیں، دوران تفتیش ملزمان کے انکشافات بھی سامنے آئے ہیں۔

ایس ایس پی کورنگی کا کہنا ہے کہ ملزمان 1998 میں ممبئی سے پاکستان آئے تھے، ملزمان نے کبھی ڈرائیور، کبھی اے سی ٹیکنیشن بن کر کام کیا، ملزمان نے غیر قانونی طریقے سے شناختی کارڈ اور پاکستانی پاسپورٹ حاصل کیا۔سی ٹی ڈی کے اعلامیے کے مطابق ملزمان نے دوران تفتیش انکشاف کیا کہ بھارتی خفیہ ایجنسی را مختلف ممالک میں دہشتگردی کا نیٹ ورک آپریٹ کر رہی ہے، ملزمان سے مزید تفتیش بھی کی جا رہی ہے۔پولیس کے مطابق گرفتار دہشتگرد احسن بھارتی خفیہ ایجنسی کی جانب سے فراہم کیے گئے اہداف کے موبائل نمبرز اور دیگر شناختی علامات نیٹ ورک کے ماسٹر مائنڈ کو فراہم کرتا تھا اور پھر ایوب انصاری اس فراہم کردہ معلومات کے ذریعے اہداف کو ٹارگٹ کرتا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close