لاہور ( پی این آئی ) سابق وفاقی وزیر اور سیاسی رہنماء فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان کے اشارے کے بغیر پاکستان کی سیاست کی شطرنج پر چال چلی ہی نہیں جا سکتی اس کھیل کا بادشاہ عمران خان ہے۔
اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ان احمقوں کے تبصرے پڑھ کر حیران ہو جاتا ہوں جو لکھ رہے ہیں کہ پرویز الٰہی اور شاہ محمود قریشی کی رہائی مائنس عمران خان فارمولا ہے، ان “بزرجمہروں” نے ایک دن کوئی تکلیف نہیں دیکھی اور ان کے لیے مہینوں پابند سلاسل رہنے والی لیڈر شپ پر بہتان لگانا کوئی مسئلہ ہی نہیں۔سابق وفاقی وزیر کا کہنا ہے کہ عمران خان کی پاکستان میں وہ حیثیت ہے جو ماؤزے تنگ کی چین کے انقلاب میں تھی یا قائد اعظم کی مسلم لیگ اور گاندھی کی کانگریس میں تھی، عمران خان کے اشارے کے بغیر پاکستان کی سیاست کی شطرنج پر کوئی چال چلی ہی نہیں جا سکتی، اس کھیل کا بادشاہ عمران خان ہے۔
علاوہ ازیں سابق وفاقی وزیر کایہ بھی کہنا تھا کہ اس وقت قوم عمران خان کے ساتھ اس لیے ہے کہ انہوں نے مشکل وقت میں باہر جانے کی بجائے جیل جانا اور وہاں رہنے کو ترجیح دی، اس لیے اڈیالہ جیل میں قید پاکستان تحریک انصاف کے قائد کو ہر صورت رہا کرنا ہوگا، اس وقت اہم بات یہ ہے کہ عمران خان کے ساتھ کھڑا ہونا اس لیے ضروری ہے کہ اگر عمران خان یہ لڑائی ہار جاتے ہیں پھر تو پاکستان بحثیت ملک اور ہمارا معاشرہ ہی یہ جنگ ہار جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں