امریکا میں پاکستانی پاسپورٹ بنوانے والوں کیلئے اچھی خبر آگئی

اسلام آباد(پی این آئی) حکومت کی طرف سے پانچ اور دس سال مدت کا مشین ریڈ ایبل پاسپورٹ متعارف کرایا جا چکا ہے، جو جدید سکیورٹی فیچرز کا حامل ہے۔

یہ پاسپورٹ نہ تو جعلی بن سکتا ہے اور نہ ہی اسے انسانی سمگلنگ جیسے گھنائونے جرائم میں استعمال کیا جا سکتا ہے۔جو پاکستانی شہری امریکہ میں پاکستانی پاسپورٹ کے لیے درخواست دے رہے ہیں، انہیں یہ بات ذہن میں رکھنی چاہیے کہ حالیہ کچھ عرصے سے لاجسٹیکل اور ٹیکنیکل مسائل کی وجہ سے پاسپورٹ کے اجراء میں کچھ تاخیر ہو رہی ہے۔ بہرحال امریکہ میں مقیم جو پاکستانی پاسپورٹ بنوانا چاہتے ہیں ان کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہونا لازمی ہے۔

اس کے علاوہ ان کے پاس اصلی قومی شناختی کارڈ یا نائیکوپ اور اس کی ایک فوٹوکاپی، گزشتہ اصلی پاسپورٹ اور اس کی فوٹوکاپی، دوہری شہریت رکھنے والے شخص کے لیے دوسرے ملک کا اصل پاسپورٹ اور اس کی فوٹوکاپی، اصل گرین کارڈ، ویزا یا ورک پرمٹ اور ان کی فوٹوکاپی اور ’سرکاری ملازمین کے لیے نو آبجیکشن سرٹیفکیٹ مہیا کرنا لازمی ہے۔اس کے علاوہ شادی شدہ خواتین کے نائیکوپ یا قومی شناختی کارڈ پر ان کے شوہر کا نام ہونا لازمی ہے۔ امریکہ میں ریگولر کیٹیگری کے 5سالہ مدت کے حامل پاسپورٹ کی فیس 70ڈالر (تقریباً ساڑھے 19ہزار روپے) اور 10 سالہ مدت کے حامل پاسپورٹ کی فیس 98ڈالر (تقریباً 27ہزار 300روپے) ہے، جبکہ ارجنٹ کیٹیگری میں 5سالہ مدت کے حامل پاسپورٹ کی فیس 150ڈالر(تقریباً 41ہزار 800روپے) اور 10سالہ مدت کے حامل پاسپورٹ کی فیس 225ڈالر (تقریباً 62ہزار 700روپے) ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close