اسلام آباد(پی این آئی)سپریم کورٹ میں تحریک انصاف کی طرف سے عدلیہ اور ججز کو سکینڈلائز کرنے کے معاملے پر پی ٹی آئی رہنمائوں رئوف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کردی گئی۔
میاں دائود ایڈووکیٹ نے سپریم کورٹ آف پاکستان میں توہین عدالت کی درخواست دائر کی اس میں رئوف حسن اور شعیب شاہین کو فریق بنایا گیا ہے۔درخواست کے ساتھ رئوف حسن اور شعیب شاہین کے توہین آمیز انٹرویوز کے ٹرانسکرپٹس بھی منسلک ہیں۔ میاں دائود ایڈووکیٹ کی دائر درخواست کے مطابق تحریک انصاف ایک منظم مہم کے تحت عدلیہ کو سکینڈلائز کر رہی ہے۔ رئوف حسن اور شعیب شاہین مجرمانہ منصوبے کے تحت ججز کو سکینڈلائز کر رہے ہیں۔ درخواست گزار کاکہنا تھاکہ رئوف حسن اور شعیب شاہین نے چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق کیخلاف نازیبا زبان استعمال کی۔ تحریک انصاف کے دونوں رہنمائوں کے بیانات آئین کے آرٹیکل 204 کی خلاف ورزی ہیں۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کیخلاف تسلیم شدہ توہین عدالت پر کارروائی آگے نہیں بڑھائی۔عمران خان کیخلاف کارروائی آگے نہ بڑھانے سے پی ٹی آئی کو توہین آمیز بیانات دینے کا حوصلہ ملا۔ درخواست گزار کا مزید کہنا تھا کہ سپریم کورٹ نے عمران خان کو توہین عدالت کیس میں سزا دی ہوتی تو آج یہ نوبت نہ آتی۔استدعا کی گئی کہ سپریم کورٹ کے فیصلوں کی روشنی میں رئوف حسن اور شعیب شاہین کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں