گندم کی ترسیل پر پابندی لگائی یا نہیں؟ پنجاب حکومت نے واضح کر دیا

لاہور (پی این آئی) محکمہ خوراک پنجاب کے ترجمان نے کہا ہے کہ گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں لگائی، گندم خریداری پالیسی 2024ء کے مطابق گندم کی نقل و حمل کی مکمل اجازت ہے۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ خوراک پنجاب کی جانب سے گندم کی ترسیل کے بارے میں پالیسی بیان جاری کیا گیا ہے، جس میں ترجمان محکمہ خوراک نے بتایا ہے کہ گندم کی ترسیل پر کوئی پابندی نہیں لگائی، محکمہ خوراک پنجاب نے گندم ترسیل پر پابندی کا کوئی نوٹیفکیشن جاری نہیں کیا، پالیسی کے مطابق گندم کی بین الصوبائی اور بین الاضلاعی نقل وحمل کی مکمل اجازت ہے۔قبل ازیں یہ اطلاعات سامنے آئی تھیں کہ پنجاب حکومت نے خیبر پختونخوا گندم کی ترسیل پر پابندی عائد کردی ہے، سیکریٹری فوڈ کی جانب سے پنجاب اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے اہل افسران کو ذمے داری سونپنے کی ہدایت کرتے ہوئے محکمۂ داخلہ پنجاب نے ڈائریکٹر فوڈ کے نام کے احکامات جاری کردیئے۔

ان خبروں میں محکمۂ داخلہ پنجاب کی جانب سے کہا گیا تھا کہ تمام اضلاع میں 5 روز کے اندر چیک پوسٹوں کو فعال کیا جائے، تمام چیک پوسٹوں پر نیا اور ایماندار عملہ تعینات ہوگا، چیک پوسٹیں فعال کرنے کا مقصد اسمگلنگ کی روک تھام ہے، گندم اب بغیر پرمٹ کے صوبے سے باہر نہیں جائے گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close